1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میکسیکو: زلزلے نے تباہی مچا دی

20 ستمبر 2017

کچھ ہی دنوں کے دوران میکسیکو کو ایک اور زلزلے نے ہلا کر رکھ دیا ہے۔ میکسیکو سٹی اور دیگر علاقوں میں پریشان حال شہری، ملبے کا ڈھیر عمارتیں اور زخمی دکھائی دے رہے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ ہلاکتیں ڈھائی سو سے تجاوز کر چکی ہیں۔

https://p.dw.com/p/2kKqz
تصویر: Imago/ZUMA Press/El Universal

میکسیکو میں آنے والے اس تازہ زلزلے کی وجہ سے موریلس، پوئبلا اور میکسیکو سٹی میں کئی سو عمارتیں زمین بوس ہو چکی ہیں۔ ان علاقوں کے باسی افراتفری کا شکار ہیں اور خوف کی وجہ سے کھلے آسمان تلے پناہ لیے ہوئے ہیں۔ حکام نے ابھی تک کم از کم ڈھائی سو افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

صدر اينريکے پينا نيتو نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہلاک شدگان کی تعداد ميں اضافے کے قوی امکانات ہيں، ’’میں نے زلزلے سے متاثر تمام ہسپتالوں کو خالی کرانے کے احکامات دیے ہیں اور مریضوں کو دوسرے ہسپتالوں میں منتقل کرنے کا کہا ہے۔‘‘

Mexiko Erdbeben Mexiko Stadt
تصویر: picture-alliance/AP/E. Marti

صدر نے مزید کہا کہ جہاں تک ممکن ہو عوام اپنے گھروں پر ہی رہیں اور امدادی کارکنوں سے مکمل تعاون کریں، ’’اس وقت امدادی سرگرمیوں کو سب سے زیادہ فوقیت حاصل ہے۔ ہمیں جلد از جلد ان افراد تک پہنچنا ہے، جو پھنسے ہوئے ہیں، زخمی ہیں اور مدد کے منتظر ہیں۔‘‘

اس دوران ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے اور بنیادی ڈھانچے کی جانچ پڑتال کے بعد ہی فضائی سفر ممکن ہو سکے گا۔

 

میکسیکو: زلزلے کے بعد سمندری طوفان، کم از کم 61 ہلاکتیں

ميکسيکو کے قريب شديد زلزلہ، سونامی کا انتباہ جاری

متاثرہ علاقوں میں بجلی اور مواصلات کا نظام درھم برھم ہو چکا ہے۔ ایک اسکول کی عمارت کے انہدام سے کم از کم اکیس بچے بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں کے تمام تعلیمی اداروں کو بھی  بند کر دیا گیا تھا۔

منگل اور بدھ کی درميانی شب کو آنے والے اس زلزلے کی شدت ريکٹر اسکيل پر 7.1 بتائی گئی ہے۔ اس زلزلے کا مرکز میکسیکو کے دارالحکومت میکسیکو سٹی سے 120 کلومیٹر جنوب مشرق کی جانب تھا۔

 وزارت داخلہ کی جانب سے عوام سے درخواست کی گئی ہے وہ شہری تحفظ کے ادارے کی ہدایات پر عمل کریں کیونکہ گیس کی پائپ لائن کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، جو کسی بڑے خطرے کا باعث ہو سکتا ہے۔