1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجرین کی فوری مدد کے لیے موبائل ایپ

عاطف بلوچ خبر رساں ادارے
6 اگست 2017

یورپ میں موجود مہاجرین اور پناہ کے متلاشی افراد کے لیے ایک خصوصی موبائل ایپ تیار کی گئی ہے، جس کی مدد سے مہاجرین مختلف نوعیت کی معلومات گھر بیٹھے اپنے موبائل سے ہی حاصل کر سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2hlwG
Symbolbild App für Geflüchtete "RefuShe"
تصویر: picture alliance/AP Images/V. Ghirda

’ریفیوجی ایڈ ایپ‘ (Refugee Aid App) میں ایسی تمام معلومات جمع کی گئی ہیں، جو مہاجرین کے لیے اہم ہو سکتی ہیں۔ یورپ میں موجود مہاجرین اور پناہ کے متلاشی افراد اس ڈیجیٹل ایپ کی مدد سے اپنے قریب ہی واقع طبی مدد، قانونی مشاورت، سونے کے مقامات اور دیگر بنیادی اشیائے ضرورت کے بارے میں آسانی سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

اٹلی میں مہاجرین کی مدد کرنے والی ایپ

’جرمنی میں ہنر مند مہاجرین کے لیے کام ہے‘

شامی مہاجر کی طرف سے جرمن بیوروکریسی کا حل ’بیوروکریزی‘

اس ایپ کی مدد سے نہ صرف انگریزی زبان بلکہ عربی اور فارسی زبانوں میں بھی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ اس ایپ کی خالق شیلے ٹیلر کے مطابق اس کی تیاری میں خاص خیال رکھا گیا تھا کہ اسے استعمال کرنا آسان ہو اور ضرورت مند افراد فوری طور پر اپنی مطلوبہ معلومات تک رسائی حاصل کر لیں۔

جرمنی میں خوش ہیں لیکن گھر یاد آتا ہے

Trellyz نامی کمپنی کی چیف ایگزیکٹیو ٹیلر کا کہنا ہے کہ دیگر بہت سے افراد کی طرح مہاجرین کا بحران ان کے لیے بھی پریشانی کا سبب بنا اور وہ ایسے افراد کی مدد کرنا چاہتی تھیں، جو شورش زدہ علاقوں سے یورپ کا رخ کر رہے ہیں۔

ٹیلر نے کہا کہ اپنا گھر بار چھوڑ کر یورپ آنے والے لوگ یہاں موجود سہولتوں کے بارے میں بے خبر ہوتے ہیں اور یہ ایپ ایک طرح سے ان کی رہنمائی کرتی ہے۔

ٹیلر نے یہ ایپ دو دن میں ہی بنا لی تھی تاہم اب یہی فون ایپلیکشن دنیا بھر میں چار سو سے زائد اداروں کو آپس میں جوڑتی ہے۔

 

ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز، سیو دی چلڈرن، کاری تاس، ریڈ کراس، آئی او ایم اور اے آر سی آئی جیسی بین الاقوامی تنظیمیں بھی اس موبائل ایپ سے جڑی ہوئی ہیں اور وہ بھی اس ایپ کے ذریعے مہاجرین کو معلومات فراہم کرنے کی خاطر کام کرتی رہتی ہیں۔

یہ سمارٹ فون ایپ چودہ ممالک میں ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔ ان ممالک میں امریکا، آئرلینڈ، برطانیہ، بیلجیم، کروشیا، مالٹا، ہنگری، بلغاریہ، فرانس، سلووانیہ، یونان، اٹلی، جرمنی اور ترکی شامل ہیں۔ صارفین آئی فون کے آپریٹنگ سسٹم iOs کے علاوہ اینڈرائڈ ڈیوائسز پر بھی اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

اس ایپ میں مختلف امدادی تنظیموں کے کاموں اور سروسز کے بارے میں مفصل معلومات موجود ہیں، جو روزانہ کی بنیادوں پر اپ ڈیٹ ہوتی رہتی ہیں۔

شیلے ٹیلر نے ابھی حال ہی میں یورپی یونین کے مہاجرت سے متعلق ایک ادارے ECRE کو بتایا تھا کہ مہاجرین سے متعلق صورتحال ’بحران نہیں ہے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا سوچنا ایک ’غیر منطقی خوف‘ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ ایسے لوگوں کو یورپ میں خوش آمدید کہنا چاہیے کیونکہ ان کو بُرا تجربہ نہ ہوا ہوتا تو یہ لوگ اپنا وطن ترک کرے ہوئے کبھی بھی مہاجرت اختیار نہ کرتے۔