1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجرین کا بحران: ’یورپ فیل‘ ہو گیا ہے، گرانڈی

عاطف بلوچ19 فروری 2016

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے ہائی کمشنر فلیپو گرانڈی نے کہا ہے کہ مہاجرین کے بحران کے تناطر میں یورپ اپنے ردعمل میں ’مکمل طور پر ناکام‘ ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HyVV
Österreich Spielfeld Grenze Slowenien Stacheldraht Österreichische Soldaten
تصویر: Getty Images/AFP/J. Klamar

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین ’یو این ایچ سی آر‘ کے سربراہ فلیپو گرانڈی نے جرمن اخبار ’فرینکفرٹر الگمائنے ساٹنگ‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہاجرین کے بحران سے نمٹنے کی کوششوں میں یورپ اپنے مطلوبہ اہداف کو حاصل کرنے میں پوری طرح ناکام رہا ہے۔

جمعے کے دن شائع ہونے والے اس انٹرویو میں گرانڈی نے کہا، ’’ (مہاجرین کی) رجسٹریشن، تقسیم، یورپی تعاون اور یکجہتی کے حوالے سے یورپی اقدامات ناکافی اور ناکامی سے ہمکنار ہوئے ہیں۔‘‘

اطالوی سفارتکار گرانڈی یکم جنوری سے یو این ایچ سی آر کے ہائی کمشنر کے عہدے پر فائز ہوئے تھے۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ کو درپیش مہاجرین کا سب سے بڑا بحران گرانڈی کے لیے بھی ایک اہم چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔

گرانڈی نے خبردار کیا ہے کہ اگر یورپی ممالک اپنی سرحدوں کو بند کر دیتے ہیں تو اِس باعث یونان میں پھنسے مہاجرین کی صورتحال مزید ابتر ہو جائے گی۔ شامی تنازعے سے فرار ہونے والے زیادہ تر مہاجرین ترکی سے یونان پہنچ رہے ہیں، جہاں سے وہ آگے دیگر یورپی ممالک کا رخ کرنا چاہتے ہیں۔

گرانڈی کے مطابق یونان میں پہلے ہی ہزاروں مہاجرین انتہائی کسمپرسی کی حالت میں زندگی بسر کر رہے ہیں اور اگر یورپی ممالک نے اپنی ملکی سرحدوں کو بند کر دیا تو ان مہاجرین کے مصائب اور مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

یو این ایچ سی آر کے سربراہ نے اِس ضرورت پر زور دیا کہ اس مشکل وقت میں یورپ کا متحد رہنا انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اس براعظم کو اقوام متحدہ کی ضرورت ہے تو یہ عالمی ادارہ ہر ممکن مدد و تعاون فراہم کرے گا۔

گرانڈی کا اشارہ یورپی یونین کی گزشتہ برس طے پانے والی اس ڈیل کی طرف تھا، جس کے تحت ایک لاکھ ساٹھ ہزار مہاجرین کو ایک کوٹے کے تحت مختلف یورپی ممالک میں آباد کرنا تھا۔

Schweiz Filippo Grandi UNHCR
’مہاجرین کے بحران سے نمٹنے کی کوششوں میں یورپ اپنے مطلوبہ اہداف کو حاصل کرنے میں پوری طرح ناکام رہا ہے‘ فلیپو گرانڈیتصویر: Reuters/P. Albouy

تاہم ابھی تک اس ڈیل پر عمل درآمد نہیں ہو سکا ہے۔ یورپی ممالک کی طرف سے مناسب ایکشن نہ لینے اور اختلافات کے باعث ابھی تک صرف 583 مہاجرین کو ہی اس منصوبے کے تحت مشرقی یورپی ممالک میں آباد کیا جا سکا ہے۔

گرانڈی کے مطابق مہاجرین کی مختلف ممالک میں تقسیم کا مرحلہ انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گو یہ ایک مشکل عمل ہے لیکن اس کے سوا کوئی چارہ بھی نہیں ہے۔ اس تمام بحران میں گرانڈی نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے۔

گزشتہ برس جرمنی پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد ایک ملین سے زائد رہی۔ میرکل کی اس پالیسی کی وجہ سے انہیں نہ صرف اپنے قدامت پسند سیاسی اتحاد بلکہ یونین کی طرف سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید