1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مگر مچھوں پر ظلم کی تحقیقات ہوں گی۔ ہیرمس

افسر اعوان29 جولائی 2015

ہیرمس کی طرف سے کہا گیا ہے کہ وہ ان فارمز میں مگر مچھوں کے ساتھ سفاکانہ اور بے رحمانہ سلوک کے معاملے کی تحقیقات کرے گی، جہاں سے اس کمپنی کے ہینڈ بیگز اور دیگر فیشن مصنوعات کے لیے مگر مچھوں کی کھال فراہم کی جاتی ہے۔

https://p.dw.com/p/1G77F
تصویر: Fotolia/amnachphoto

فرانس کی معروف فیشن کمپنی ہیرمس (Hermes) کی طرف سے یہ بیان برطانوی سنگر جین بَرکِن کی طرف سے اس کمپنی کے مگر مچھ کی کھال سے تیار کردہ مشہور زمانہ برکن بیگ پر سے اپنا نام ہٹانے کے مطالبے کے بعد سامنے آیا ہے۔ جین برکن کی طرف سے یہ فیصلہ حقوق کے لیے کام کرنے والے ایک گروپ PETA کی رپورٹ کے بعد سامنے آیا جس میں بتایا گیا کہ ٹیکساس اور زمبابوے میں موجود ان فارمز میں مگرمچھوں کے ساتھ انتہائی ظالمانہ اور سفاکانہ سلوک کیا جاتا ہے جو ہیرمس کو مگر مچھ کی کھالیں فراہم کرتے ہیں۔

کمپنی کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق، ’’ہیرمس اس بات کی قدر کرتی ہے اور اپنے احساسات شیئر کرتی ہے اور حال ہی میں شائع ہونے والی تصاویر پر صدمے میں ہے۔‘‘

PETA نے زمبابوے اور ٹیکساس میں ان مگرمچھوں کی ویڈیو فوٹیج بنائی تھی جن کی کھال گھڑیوں کے اسٹریپ بنانے کے کام آتی ہے۔ اس ویڈیو میں ان جانوروں کو خوفناک طریقے سے ہلاک کرنے سے قبل انہیں کنکریٹ سے بنے گڑھوں میں رکھا جاتا ہے۔ اس تنظیم کے مطابق ان مگر مچھوں کو خصوصی بندوق سے نشانہ بنایا جاتا ہے اور ابھی ان میں زندگی کی رمق موجود ہوتی ہے اور وہ ابھی تکلیف محسوس کرنے کی کیفیت میں ہوتے ہیں کہ انہیں سفاکانہ طور کاٹ دیا جاتا ہے۔

اس تنظیم کے مطابق انویسٹی گیٹروں نے دیکھا کہ مگر مچھوں کو ذبح کیے جانے کے کافی دیر بعد تک بھی وہ کئی منٹوں تک اپنی دم اور ٹانگوں کو حرکت دیتے رہتے ہیں۔ ہیرمس کے مطابق وہ ٹیکساس میں موجود فارم کے بارے میں تحقیقات کر رہی ہے۔ ہیرمس کی طرف سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ اپنے پارٹنرز سے ’مگر مچھوں کے ساتھ اخلاقی سلوک کے حوالے سے اعلیٰ ترین اسٹینڈرڈز‘ پر عملدرآمد کراتی ہے۔

مگر مچھ کی کھال سے جو برکن بیگ تیار کیا جاتا ہے اس کی قیمت 33 ہزار یورو ہے
مگر مچھ کی کھال سے جو برکن بیگ تیار کیا جاتا ہے اس کی قیمت 33 ہزار یورو ہےتصویر: Getty Images/AFP/M. Fedouach

برطانوی سنگر جین برکِن کے لیے ہیرمس کی طرف سے بیگ 1984ء میں ڈیزائن کیا گیا تھا جس کے بعد سے یہ دنیا کی معروف خواتین کا پسندیدہ بیگ بنا ہوا ہے۔ اس بیگ کے شائقین میں وکٹوریا بیکہم اور کم کاردشیان بھی شامل ہیں۔

مگر مچھ کی کھال سے جو برکن بیگ تیار کیا جاتا ہے اس کی قیمت 33 ہزار یورو ہے یا 36 ہزار ڈالر ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ کمپنی گائے۔ بچھڑے اور شتر مرغ کی کھال کے بیگز بھی تیار کرتی ہے۔ فرانس میں تیار کیے جانے یہ بیگز مکمل طور پر ہاتھ سے تیار ہوتے ہیں اور ایک بیگ کی تیاری پر 18 سے 25 گھنٹے وقت لگتا ہے۔