1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مکی ماؤس کی آواز دم توڑ گئی

رپورٹ: انعام حسن، ادارت: شامل شمس21 مئی 2009

والٹ ڈزنی کے شہرہ آفاق کردار مکی ماؤس کے کردار میں 30 سال تک اپنی آواز سے مختلف رنگ بھرنے والے امریکی فنکار وین الوائن امریکی ریاست کیلیفورنیا میں منگل کے روز 62 برس کی عمر میں ذیابطیس کے باعث فوت ہوگئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Husv
مکی ماؤس کارٹونز کی دنیا کے مقبول ترین کرداروں میں سے ہےتصویر: AP
BdT Geburtstag Mickey Mouse Walt Disney
والٹ ڈزنی اپنے تخلیق کردہ کردار مکی ماؤس کے ساتھتصویر: AP


مکی ماؤس نامی کردار گذشتہ چالیس سال سے دنیا بھر میں کارٹون فلموں کے مداحوں کو اپنی جانب متوجہ کئے رکھے ہے اور بعض مداح یہ دعویٰ بھی کرتے ہیں کہ یہ کردار کارٹون فلموں کی تاریخ کا سب سے مشہور کردار ہے۔

الوائن سے قبل مکی ماؤس کے کردار کے لئے الوائن کے استاد جمی مکڈونلڈ کی آواز ریکارڈ کی جاتی تھی، تاہم الوائن نے والٹ ڈزنی سے اپنی وابستگی کے 11 سال بعد سن 1977 میں مکی ماؤس کے کردار کے لئے پہلی مرتبہ اپنی آواز ریکارڈ کروائی تھی۔

Disneyland in Hongkong eröffnet
مکی اور منی ماؤس پرستاروں کے ہمراہتصویر: AP

تب سے اب تک تخلیق کے اس خاص شعبے میں الوائن اور مکی ماؤس ایک ساتھ جانے اور پہچانے جاتے رہے ہیں۔ اس بارے میں انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا: '' ایک خاص عرصے تک اس کردار کو برتنے کے بعد مجھے اندازہ ہوا کہ مکی ماؤس کی تمام خصوصیات دراصل مجھ میں پیدا ہوگئی ہیں۔''

Donald and Daisy Duck
الوائن کی اہلیہ روسی ٹیلر مکی ماؤس کارٹون فلم میں منی ماؤس کے کردار کے لئے صدا کاری کرتی تھیںتصویر: AP

ان کی اہلیہ روسی ٹیلر بھی ایک فنکارہ ہیں اور والٹ ڈزنی مکی ماؤس کارٹون فلم میں منی ماؤس کے کردار کے لئے الوائن کی اہلیہ کی آواز استعمال کرتے تھے، جس سے دونوں کرداروں میں ایک خاص کشش پیدا ہوتی تھی۔

الوائن نے والٹ ڈزنی کی کارٹون فلموں کے علاوہ مکی ماؤس کے کردار پر بنی مختلف فلموں، ٹی وی ڈراموں، ویڈیو گیمز اور ڈزنی لینڈ میں موجود مکی ماؤس کے لئے بھی اپنی آواز ریکارڈ کروائی تھی۔

مکی ماؤس کے کردار میں اپنی آواز کے جادو سے حقیقت کا رنگ بھرنے والے وین الوائن کی وفات کے بعد دیکھنا یہ ہے کہ مکی ماؤس کے لئے اب کس فنکار کی آواز کا انتخاب ہوگا۔