1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مکھرجی نے بھارت کا سالانہ بجٹ پیش کردیا

6 جولائی 2009

بھارتی وزیر خزانہ پرنب مکھرجی نے ملک کا سالانہ بجٹ برائے مالی سال 2009-10 پیش کر دیا ہے۔ پرنب مکھرجی نے اگلے سال کے لئے بھارتی معیشت میں شرح نمو کو کم از کم نو فیصد تک لے جانے کو سب سے بڑی ترجیح قرار دیا۔

https://p.dw.com/p/Ii69
پرنب مکھر جی نے بھارت کا بجٹ پیش کیاتصویر: AP

بھارتی وزیر خزانہ نے کہا کہ گذشتہ مالی سال کے دوران ملکی اقتصادیات میں ترقی کی شرح 6.7 فیصد رہی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کے لئے اگلے مالی سال میں سب سے بڑا ہدف ملک میں ترقی کی جڑوں کو مزید دیرپا اور گہرا بنانا ہے۔ بجٹ میں شہری ترقی کی مد میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور نئی روزگار اسکیمیں شروع کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔

Pranab Mukherjee
وزیر خزانہ پرنب مکھرجی بجٹ بریف کیس کے ہمراہ پارلیمان کی طرف جاتے ہوئےتصویر: UNI

بھارت میں رواں برس سالانہ بجٹ خسارہ 6.2 فیصد رہا۔ اس وجہ سے بجٹ پیش کئے جانے کے موقع پر ملکی اسٹاک مارکیٹوں میں نمایاں مندی دیکھی گئی اور سرمایہ کار بے یقینی کا شکار رہے۔ سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ بجٹ خسارہ کم کرنے کے لئے حکومتی اقدامات سامنے آنے تک مارکیٹ میں استحکام نہیں آ سکتا۔

اگلے مالی سال کے لئے بھارت کے سالانہ بجٹ میں اعلیٰ تعلیم کےلئے 200 کروڑ جبکہ تامل مہاجرین کی امداد کے لئے 500 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ پیر کے روز بجٹ پیش کرتے ہوئے بھارتی وزیر خزانہ مکھر جی نے کہاکہ آئندہ سال ایک کروڑ 20 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا کی جائیں گی۔
بجٹ میں ریلوے کے ملکی محکمے کے لئے 15800 کروڑ اور شہری علاقوں میں غربت کے خاتمے کےلئے 3937 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : مقبول ملک