1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موہالی ٹیسٹ: گھمبیر کی سنچری، ڈراوڈ کی نصف سنچری

خبر رساں ادارے19 دسمبر 2008

بھارتی کرکٹ ٹیم نے افتتاحی بیٹسمین گوتم گھمبیر کی سنچری اور راہل ڈراوڈ کی نصف سنچری کی بدولت انگلینڈ کے خلاف موہالی ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 179 رن بنالئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/GJkm
موہالی میں جاری ٹیسٹ میچ میں گوتم گھمبیر نے سنچری اور راہل ڈراوڈ نے نصف سنچری سکور کیتصویر: AP

پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر گوتم گھمبیر 106 اور راہل ڈراوڈ 65 رنوں کے ساتھ ناٹ آوٴٹ تھے۔ گھمبیر نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی چوتھی سنچری سکور کی جبکہ کافی عرصے کے بعد ڈراوڈ نے واپس فارم میں آکر اپنے کیرئیر کی 54 ویں نصف سنچری سکور کی۔

موہالی میں سنچری سکور کرنے کے بعد گوتم گھمبیر نے کہا کہ یہ میدان اُن کے لئے بہت ہی اچھا ثابت ہوا ہے۔ ’’ یقیناً یہ میرے لئے لکی گراوٴنڈ ہے۔ میں اپنی کارکردگی سے بے حد خوش ہوں کیوں کہ آج بیٹنگ کرنا اتنا آسان نہیں تھا، ہوا میں بہت سوئینگ تھا اور انگلینڈ کے گیندباز بہت اچھی اور نپی تلی بولنگ کررہے تھے۔‘‘

جارحانہ اوپننگ بیٹسمین وریندر سہواگ کے جلدی آوٴٹ ہونے کی وجہ سے اگرچہ بھارتی ٹیم کا آغاز اچھا نہیں رہا تاہم اس کے بعد گھمبیر اور ڈراوڈ نے ناقابل شکست شراکت میں 173 رن جوڑے۔ جب بھارت کا مجموعی سکور 179 تھا توامپائروں نے خراب روشنی کے باعث پہلے دن کے کھیل کے ختم ہونے کا فیصلہ کیا۔

بھارت نے انگلینڈ کے خلاف چنئی میں کھیلے جانے والا ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ چھہ وکٹ سے جیت لیا تھا۔