1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مونٹی ماریو، اطالوی معیشت میں سدھار پہلی ترجیح

14 نومبر 2011

یورپ کی تیسری سب سے بڑی معیشت اٹلی میں وزارت عظمیٰ کا قلمدان ماریو مونٹی نامی ایسے معتبر ماہر اقتصادیات سنبھالنے رہے ہیں، جنہیں اطالوی عوام کی بہت بڑی تعداد مالیاتی بحران کے اس دور میں مسیحا سمجھتی ہے۔

https://p.dw.com/p/13AFp
تصویر: dapd

مونٹی ہنگامی دور کی اطالوی حکومت کے وزیر اعظم رہیں گے۔ وہ 90ء کی دہائی سے یورپی یونین میں کمشنر کے عہدے پر ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ ان کی کمشنری میں بڑے امریکی مالیاتی ادارے جیسے جنرل موٹرز اور مائیکرو سوفٹ کو بھی قانونی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑا۔ مونٹی مالیاتی امور سے متعلق اپنی تکنیکی مہارت اور سفارتی صلاحیتیوں کی بناء پریورپی یونین میں کسی کے سیاسی دباؤ میں نہیں رہے۔ ان سے متعلق کہا جاتا ہے کہ ان کے کام کرنے کا انداز روایتی اطالوی شخص جیسا نہیں بلکہ وہ سخت مگر قابل بھروسہ مذاکراتکار ہیں۔ یورپی یونین کے صدر دفتر برسلز میں انہیں ’اطالوی پروشیئن‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ پروشیئن سے مراد جدید جرمنی کے مشرقی اور شمالی حصوں والا ماضی کا وہ جرمن ریاستی علاقہ ہے، جس نے اپنے حکمرانوں کے ساتھ پورے یورپ کی تاریخ پر وسیع تر اثرات مرتب کیے تھے۔

68 سالہ مونٹی متوقع طور پر ایک چھوٹی کابینہ نامزد کرکے نظام حکومت کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔ اٹلی میں سولہ برس قبل 1995ء میں بھی ایک ماہر اقتصادیات لامبیرتو دینی کی ٹینکو کریٹ حکومت نے ملکی مالیاتی مسائل کو بڑی حد تک حل کیا تھا۔ اب اطالوی عوام اور یورپی قیادت کی مونٹی سے ایسی ہی امیدیں وابستہ ہیں۔ نظریاتی طور پر مونٹی آزاد منڈی کی حامی ایسی شخصیت کے مالک ہیں، جس کے یورپی اور عالمی پالیسی سازوں کے ساتھ گہرے روابط قائم ہیں۔

Mario Monti Italien Ministerpräsident Regierung
اطالوی صدر نے مونٹی کو وزیر اعظم نامزد کیاتصویر: dapd

وزیر اعظم نامزد کیے جانے سے قبل لکھے گئے اپنے چند مقالوں اور تبصروں میں وہ سابق اطالوی وزیر اعظم بیرلسکونی کی پالیسیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ وزیر اعظم نامزد کیے جانے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس عہدے سے وابستہ اپنی ذمہ داریوں اور توقعات کا پورا احساس ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ یہ مشکل وقت میں قوم کی خدمت جیسی بات ہے۔ ماریو مونٹی کے بقول ان کی کوشش ہوگی کہ ملکی مالیاتی ساکھ کو بہتر کیا جائے، سماجی انصاف کو یقینی بناتے ہوئے اقتصادی نمو کی جانب بڑھا جائے اور قوم کے بچوں کے لیے عظمت و امید بھرا مستقبل قائم کیا جائے۔

مونٹی کی پیر کو ملکی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں شیڈیول ہیں، جن میں وہ حکومت سازی کے امور اور مالیاتی پالیسیوں سے متعلق تبادلہء خیال کریں گے۔ ماریو مونٹی کو اپنی حکومت کے لیے پارلیمان سے منظوری حاصل کرنا ہوگی۔ مونٹی کی نامزدگی کے بعد مالیاتی منڈیوں میں اٹلی سے متعلق پائی جانے والی تشویش میں کمی دیکھی جارہی ہے۔ یورو کرنسی پر بھی مثبت اثرات دیکھے جارہے ہیں۔

لندن کے فٹسکی 100 انڈیکس میں اعشاریہ پانچ فیصد جبکہ فرانس اور جرمنی کی مرکزی اسٹاک مارکیٹوں کے انڈیکس میں ایک فیصد تک کا اضافہ نوٹ کیا گیا۔ یورو زون کی مشترکہ کرنسی یورو کی قدر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں اعشاریہ دو فیصد کی بہتری دیکھی گئی۔ مونٹی کو اٹلی کی مالیاتی ساکھ بحال کرنے کے لیے ریاستی اخراجات میں کمی جیسے سخت اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت :مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں