’مون واک‘ کرنے والا ٹریفک پولیس اہلکار
28 دسمبر 2017نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق رنجیت سنگھ بالی وڈ کے شیدائی ہیں۔ گاڑیوں کے ڈرائیور اور مسافر اس 38 سالہ پولیس اہلکار کو دیکھے بنا نہیں رہ پاتے جو اندور شہر کی شدید ٹریفک کے وسط میں مائیکل جیکسن کی طرح ’مون واک‘ کرتا نظر آتے ہیں۔
بیس لاکھ کی آبادی کے شہر اندور میں اپنے فرائض سر انجام دینے والے اس ٹریفک پولیس اہلکار کا کہنا ہے،’’ میں کئی برس سے مائیکل جیکسن کا مداح ہوں اور بارہ سال قبل میں نے ٹریفک کو روکنے کے لیے مون واک والا رقص کیا تھا۔‘‘ سنگھ کے مطابق شروع میں لوگ بہت حیران ہوئے تھے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ان کا یہ اسٹائل کافی مقبول ہو گیا ہے۔
سنگھ بتاتے ہیں کہ ٹریفک کو کنٹرول کرنا ایک بہت ہی تھکا دینے والا کام ہے اور جب وہ انتہائی رش اور شور شرابے کے دوران ڈانس کر دیتے ہیں تو لوگ مسکراتے بھی ہیں اور خوش بھی ہو جاتے ہیں۔ سنگھ سوشل میڈیا پر بھی انتہائی مقبول ہیں۔ ان کے فیس بک پیج پر لگ بھگ پچاس ہزار لوگ ان کی ویڈیوز کو دیکھتے ہیں۔
سنگھ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ٹریفک کو سنبھالنے کے ان کے انداز کی وجہ سے ٹریفک کا مسئلہ کافی حد تک کم ہوگیا ہے۔ بھارت کی ایک یونیورسٹی میں یہ تحقیق کی جارہی ہے کہ کیا واقعی یہ سچ ہے یا نہیں۔ بھارت کے کئی شہروں میں ٹریفک جام ایک سنگین مسئلہ ہے۔ اور اکثر افراد ٹریفک پولیس اہلکاروں کو بدنظمی کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔
سنگھ چاہتے ہیں کہ وہ سڑک پر ٹریفک حادثات کو کم کر سکیں۔ ان کا کہنا ہے،’’ گزشتہ کچھ سالوں میں، میں چالیس نوجوانوں کی لاشیں اٹھا چکا ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ نوجوان محفوظ رہیں اور قانون کی پاسداری کریں تاکہ ٹریفک حادثات سے بچ سکیں۔‘‘ سنگھ اب دیگر ٹریفک پولیس اہلکاروں کو بھی مون واک ڈانس سکھا رہے ہیں۔ سنگھ کا کہنا ہے،’’ اپنے کام کو دلجمعی اور شوق سے کرنے کی وجہ سے میرے والدین مجھ پر فخر کرتے ہیں۔‘‘