1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موزارٹ کی دو نئی دھنوں کی دریافت

رپورٹ: عابد حسین ، ادارت: کشور مصطفیٰ3 اگست 2009

موسیقی کے عالمی منظر نامے پر موزارٹ ایک انتہائی معتبر نام ہے۔ مغربی کلاسیکی موسیقی پر اُن کی تخلیقات کے انمٹ نقوش موجود ہیں۔ وہ آج بھی مغربی کلاسیکی موسیقی میں inspiration کا درجہ رکھتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/J2D7
موزارٹ

آسٹریا کے شہر سالزبُرگ میں عظیم موسیقار وولف گانگ اماڈیوس موزارٹ کی نو دریافت دو دُھنوں کو پیانو پر شائقین کے لئے پیش کیا گیا۔ سالزبُرگ شہر موزارٹ کا جائے پیدائش بھی ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ موزارٹ نے یہ دھنیں بچپن میں ترتیب دی تھیں۔ جس دور میں موزارٹ نے یہ دھنیں تخلیق کی تھیں اندازہً اُن کی عمر سات یا آٹھ سال کی ہو گی۔ یہ زمانہ سن 1763-64کا تھا۔

دُھنوں میں ایک چار منٹ کا ٹکڑا ہے اور دوسرا ایک منٹ کا کسی سمفنی کا اختتامی حصہ ہو سکتا ہے۔ چار منٹ کی دُھن کا انداز کنسرٹو یا سمفنی کا ہے جس کے ساتھ پورا آرکسٹرا کا موجود ہونا ضروری ہوتا ہے۔ لیکن اِس دھن کا بنیادی ساز پیانو ہے۔ جس پر یہ سولو بھی بجائی جا سکتی ہے۔

Leopold Johann Georg Mozart
موزراٹ کے والد لیو پولڈتصویر: dpa

سالزبرگ شہر میں گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے سے موسیقی، اوپرا اور تھیئٹر کا بین الاقوامی فیسٹول جاری ہے۔ ایک ماہ دورانیے کے عالمی نوعیت کے فیسٹول میں موزارٹ ویک کے دوران اِن دو نئی دریافت ہونے والی دُھنوں کو پیش کرنے کا اعزاز Florian Birsak کو حاصل ہوا۔ یہ موزارٹ کے ذاتی قدیمی پیانو پر بجائی گئی تھیں۔ موزارٹ کی دھنیں بجانے والے Florian Birsak قدیمی پیانو کو بجانے میں مہارت رکھتے ہیں۔ تقریب میں خاص طور پر میڈیا کو بھی بلایا گیا تھا۔

یہ دونوں دھنیں اُن کے بچپن کے دور کی ہیں اِس لئے ماہرین موسیقی اور موزارٹ کی تخلیقات پر دسترس رکھنے والوں کو کچھ تکنیکی خامیوں کا بھی احساس ہوا ہے۔

Mozart Denkmal in Wien
آسٹریا کے درالحکومت میں قائم موزارٹ یادگارتصویر: dpa - Bildarchiv

دونوں دھنیں ایک میوزک کتاب سے دستیاب ہوئی ہیں جو موزارٹ کی بہن Nannerl کی ملکیت تھی۔ موزارٹ فاؤنڈیشن کی سنبھالی ہوئی دستاویزات سے یہ برامد ہوئیں تھیں۔

اب تک انٹرنیشنل موزارٹ فاؤنڈیشن کی قدیمی دستاویزات میں سے اٹھارہ ایسی موسیقی کی دھنیں دستیاب ہو چکی ہیں جن کو موزارٹ کے والد لیوپولڈ یا گمنام موسیقاروں کے نام کیا جا چکا ہے۔

گزشتہ سال ستمبر میں فرانس کے مغربی شہر Nantes میں ایک لائبریری کے قدیمی مسودوں میں سے بھی ایک دُھن دستیاب ہوئی تھی۔ اِسی طرح اُن کی ڈھائی سوویں سالگرہ کے موقع پر بھی ایک دُھن کو ڈھونڈ نکالا گیا تھا اور اُس کو بھی موزارٹ کے نام سے نتھی کیا گیا۔

گزشتہ سال ماہِ مئی میں جنوبی پولینڈ میں واقع Jasna Gora رومن کیتھولک عبادت گاہ کے قدیمی مسودات سے دو دھنیں دستیاب ہوئیں تھیں۔ اُن کو بھی امکاناً موزارٹ کی تخلیقات کے زمرے میں ڈالا جا رہا ہے۔

موزارٹ سالزبُرگ میں سترہ سو چھپن میں پیدا ہوئے تھے اور صرف پینتیس سال عمر پانے کے بعد انتقال کر گئے تھے۔ اِس عرصے میں انہیں تقریباً پانچ سو اعلیٰ معیار کی دُھنیں تخلیق کرنے کا اعجاز حاصل ہوا تھا۔ اُن کی زندگی میں ہی موزراٹ کے عُشاق کو یہ تخلیقات سننے کا موقع ملا تھا۔