1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

منیلا میں جوئے خانے پر حملہ، کم از کم چھتیس افراد ہلاک

مقبول ملک اے ایف پی
2 جون 2017

فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں ایک مسلح نقاب پوش حملہ آور نے ایک ہوٹل کمپلیکس میں قائم جوئے خانے کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم چھتیس افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام نے زور دیا ہے کہ یہ کوئی دہشت گردانہ حملہ نہیں تھا۔

https://p.dw.com/p/2e0yq
Philippinen Anschlag im Hotelkomplex Resorts World Manila
تصویر: Reuters/E. De Castro

منیلا سے جمعہ دو جون کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق یہ واقعہ آج جمعے کے دن پیش آیا اور اس حملے کے دوران پرہجوم کسینو میں بھگدڑ مچ جانے کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہو گئے۔

منیلا پولیس کے سربراہ رونالڈ ڈے لا روزا نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ ہلاکت خیز کارروائی ملکی دارالحکومت کے ریزورٹس ورلڈ نامی ہوٹل کمپلیکس میں کی گئی جو ایک مشہور کسینو ہے اور حملہ آور ایک خود کار رائفل سے مسلح تھا۔

اس شخص نے Resorts World Manila نامی کمپلیکس کے مرکزی قمار خانے والے ہال کو آگ لگا دی۔ یہ کسینو منیلا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے بہت قریب واقع ہے۔ پولیس کے مطابق اس ملزم نے آدھی رات کے بعد جائے واردات پر پہلے تو ایم فور طرز کی اپنی خودکار رائفل سے فائرنگ کی اور پھر کسینو ہال کو آگ لگا دی۔

پولیس کے سربراہ رونالڈ ڈے لا روزا نے بتایا کہ اس آتش زنی کے قریب پانچ گھنٹے بعد پولیس اور ریسکیو کارکنوں کو اس ہوٹل سے مجموعی طور پر جو 36 لاشیں ملیں، ان میں حملہ آور کی جلی ہوئی لاش بھی شامل تھی۔

Philippinen Anschlag im Hotelkomplex Resorts World Manila
تصویر: Getty Images/AFP/N. Celis

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے اپنی رائفل سے کسینو میں موجود عام لوگوں پر براہ راست فائرنگ نہیں کی تھی بلکہ اس نے صرف وہاں نصب ایک بڑی ٹیلی وژن اسکرین کو نشانہ بنایا تھا۔ مرنے والے زیادہ تر افراد کی موت یا تو زہریلے دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی یا پھر وہ آگ کے شعلوں کی زد میں آکر جل گئے تھے۔

پولیس نے یہ بھی بتایا کہ آتش زنی کے بعد نقاب پوش حملہ آور بھگدڑ کے دوران گہرے دھوئیں اور لوگوں کے ہجوم میں کہیں غائب ہو گیا تھا۔ پھر آگ بجھائے جانے کے بعد چند گھنٹوں تک اسے تلاش کیا جاتا رہا تو اس کی جلی ہوئی لاش اسی ہوٹل کے ایک کمرے کے بستر سے ملی۔

بظاہر اس حملہ آور نے واپس اپنے کمرے میں جا کر خود کو پٹرول میں بھیگے ہوئے ایک کمبل میں لپیٹ لیا تھا، جس کے بعد اس نے کمبل کو آگ لگا کر خود کشی کر لی۔