1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ممی بھی امی سے پوچھتی ہیں‘

16 مئی 2010

ماں بننے والی خواتین کا خیال ہے کہ بچوں کی پیدائش کے حوالے سے ڈاکٹروں کے مشورے سے زیادہ کارآمد ان کی اپنی ماؤں کی ہدایات ہیں۔ یونیورسٹی آف لندن کی یہ تازہ ترین رپورٹ درجنوں خواتین کے انٹرویوز کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/NP4L
تصویر: AP

اس تازہ ترین تحقیق میں 70، 80 اور موجودہ 2000 کی دہائی میں ماں بننے والی خواتین سے بات چیت کی گئی۔ موجودہ دور کی مائیں گو کہ ڈاکٹروں کی ہدایات اور دیگر ذرائع سے اپنے پیدا ہونے والے بچے کے حوالے سے معلومات حاصل کرتی ہیں تاہم ایسا نہیں کہ وہ اپنی ماؤں سے کوئی نصیحت حاصل نہیں کرتیں۔ اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ آج کے دور کی مائیں بھی زیادہ تکیہ اپنی ماؤں سے ملنے والی معلومات پر ہی کرتی ہیں۔

محققین نے زچگی اور بچوں کی پیدائش کے حوالے سے 1970 کی دہائی میں ماں بننے والی خواتین اور ان کی 12 ایسی بیٹوں سے، جو 2000 کی دہائی میں ماں بننیں بات چیت کی۔ اسکے علاوہ 1980 کی دہائی میں ماں بننے والی 24 دیگر خواتین کے بھی انٹرویوز کئے گئے۔

Schwangere Frau hält ihren Bauch
آج کی مائیں بھی اپنی ماؤں کی ہدایات کو زیادہ قابل بھروسہ سمجھتی ہیںتصویر: AP

تحقیق میں کہا گیا ہے کہ 1970 کی دہائی میں ماں بننے والی خواتین، زچگی اور بچے کی پیدائش سے متعلق معلومات اپنے خاندان کی دیگر خواتین سے لیتی تھیں تاہم 2000 تا 2010 تک ماں بننے والی خواتین دوسری عورتوں سے ہدایات کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ، کتابوں اور ڈاکٹروں سے بھی معلومات حاصل کرتی ہیں۔ تاہم محققین کے خیال ہے کہ ان تمام واسطوں سے معلومات کے حصول کے باوجود آج کی مائیں اپنے ماؤں سے ملنے والے معلومات کو زیادہ قابل بھروسہ سمجھتی ہیں۔

2000ء کی دہائی میں ماں بننے والی ایک خاتون ہیٹی نے محققین کو بتایا کہ انہوں نے انٹرنیٹ پر ایک مضمون میں پڑھا، جس میں تحریر تھا کہ دوران زچگی چائے کے استعمال سے چائے میں پایا جانے والا کیمائی مادہ ’کیفین‘ مسائل پیدا کرنے کا سبب بن سکتا ہے لیکن ان کی دادی نے انہیں نصیحت کی کہ صبح سویرے چائے کا استعمال صحت کے لئے انتہائی مفید ہے اور انہوں نے ایسا ہی کیا۔

’’انہوں نے روزانہ اپنے بستر ہی میں ایک پیالی چائے پی اور اس سے انہیں فائدہ بھی ہوا۔‘‘

اس تحقیق ٹیم کی سربراہ رائل ہولو وے یونیورسٹی لندن کی پروفیسر پاؤلا نِیکولسن کے مطابق دوران زچگی اچھا محسوس نہ کرنے کی صورت میں آج کی خواتین اپنا ماں یا دادی کے مشورہ کو ڈاکٹروں کی ہدایات سے بہتر سمجھتی ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عدنان اسحاق