1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ممبئی آپریشن ختم، تلاشی کا سلسلہ جاری

29 نومبر 2008

بھارتی سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ تاج ہوٹل میں آپریشن کے دوران مزید تین عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے بعد ہوٹل کا محاصرہ ختم کردیا گیا ہے۔ ہوٹل سے مزید لاشیں ملنے کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد 195 ہوگئی ہے۔

https://p.dw.com/p/G5oG
نیشنل سیکورٹی گارڈ کے سربراہ جے کے دت نے کہا کہ ہو ٹل کی تمام منزلوں پر جاکر ایک ایک کمرے کی تلاشی لی جا رہی ہے اور کمروں میں محصور لوگوں کو بحفاظت باہر لایا جارہا ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

بھارتی نیشنل سیکورٹی گارڈ کے سربراہ جے کے دت نے ہوٹل کے سامنے میڈیا سے بات چیت میں ہوٹل کا محاصرہ ختم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمانڈو آپریشن کے دوران ہوٹل میں موجود تین عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا گیا ہے اور نیشنل سیکورٹی گارڈز کا ایک اہلکار بھی ہلاک ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوٹل مکمل طور پر سیکورٹی فورسز کے کنٹرول میں ہے۔ نیشنل سیکیورٹی گارڈز کی ٹیم اب ہوٹل کی تمام منزلوں پر جاکر ایک ایک کمرے کی تلاشی لے رہی ہے اور کمروں میں محصور لوگوں کو بحفاظت باہر لانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

این ایس جی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ فی الوقت ہوٹل میں موجود لوگوں کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ نیشنل سیکورٹی گارڈ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اب تک مہمانوں کو باہر آجانا چاہیئے تھا۔ تاہم ہوسکتا ہے مہمان خوف کے باعث اپنے کمروں میں چھپے ہوئے ہوں اور عسکریت پسندوں کے خوف سے باہر نہ آرہے ہوں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کمروں کی تلاشی اور آپریشن کلیئر اپ کے دوران بھی دھماکوں کی آوازیں آسکتی ہیں ۔

دوسری جانب سیکورٹی فورسز نے نریمان ہاؤس پر بھی کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور دہشت گردوں کے قبضے سے ملنے والا سامان پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ نریمان ہاؤس پر فورسز کی کارروائی کے دوران یرغمال بنائے گئے یرغمالی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔