1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مغربی یورپ: مسافروں کی کرسمس ایئر پورٹ پر

25 دسمبر 2010

مغربی یورپ میں شدید برفباری کے نتیجے میں پروازوں کے منسوخ یا مؤخر ہوجانے کے باعث سینکڑوں افراد ہوائی اڈوں پر ہی کرسمس منانے پر مجبور ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/zpYT
تصویر: picture-alliance / dpa

پیرس کے مرکزی ہوائی اڈے پر ہفتے کی صبح ایسے افراد کی ایک بڑی تعداد مجبور و بے بس نظر آئی۔ اسی طرح جرمنی اور بیلجیئم میں بھی پروازیں شدید متاثر ہوئیں۔

فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے چارلس ڈیگال ایئر پورٹ پراگرچہ پروازوں کا سلسلہ کچھ بہتر ہوا تاہم شدید برفباری اور خراب موسم کی وجہ سے صرف جمعہ کی رات ہی چار سو پروزایں منسوخ کرنا پڑیں، جس کی وجہ سے مسافروں کی ایک بڑی تعداد کرسمس کی رات ہوائی اڈے پر ہی بسر کرنے پر مجبور ہو گئی۔

Flash-Galerie Wetter Europa London Flughafen
مغربی یورپ میں شدید برفباری کے نتیجے میں ہزاروں مسافر متاثر ہو رہے ہیںتصویر: AP

ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے اس دوران ایئرپورٹ پرہی ایک چھوٹا سا کرسمس شہر آباد کر دیا۔ حکام نے مسافروں کے لئے کھانے، بستروں اور بچوں کے لئے کرسمس کے خصوصی کھلونوں کا انتظام تو فوری طور پر کردیا لیکن کرسمس کا مقدس دن منانے کے لئے اپنے عزیزوں اور رشتہ داروں کے پاس جانے والے افراد انتہائی مایوس اور اداس معلوم ہو رہے تھے۔

پیرس کے ہوائی اڈے پرخراب موسم کے باعث پھنسی ہوئی ایک خاتون نے کہا،’ بچوں کو تحائف دیے گئے ہیں اور ہمیں کھانے پینے کا سامان بھی مہیا کر دیا گیا ہے۔‘ لیکن انہوں نے کرسمس کی صبح ائیر پورٹ پر منانے کو ایک عجیب تجربہ قرار دیا۔ ایئر پورٹ پر سانتا کلاز بچوں کا دل بہلانے میں مصروف رہا، کیتھولک افراد کو کرسمس کی رات اور صبح منانے کے لئے ضروری سامان بھی مہیا کیا گیا۔

چارلس ڈیگال کے ڈائریکٹر پاتریس ہارڈل نے بتایا،’جمعہ کے دن چار سو پروازیں مؤخر یا منسوخ کرنا پڑیں، جس کے نتیجے میں قریب تیس ہزار مسافروں کے منصوبے متاثر ہوئے۔‘ خبر رساں اداروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کم از کم دو ہزار افراد ائیر پورٹ پر ہی رات بسر کرنے پر مجبور ہوئے۔ دریں اثناء فرانس کے جونیئر ٹرانسپورٹ منسٹر Thierry Mariani نےکرسمس کی رات کو ایئر پورٹ پر پھنسے ہوئے لوگوں سے ملنے کے لئے خصوصی طور پر وہاں کا دورہ کیا۔

Schnee und Chaos in Deutschland Flash-Galerie
ایک خاتون سانتا کلاز بچوں میں تحائف بانٹتے ہوئےتصویر: picture-alliance/dpa

دوسری طرف جرمنی اور بیلجیئم میں بھی شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے وہاں فضائی، ٹرین اور ٹرانسپورٹ کا نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ جرمن پولیس نے تصدیق کی ہے کہ شمالی جرمنی میں برف کا تودہ گرنے کے نتیجے میں ایک 47 سالہ خاتوں ہلاک ہو گئی۔ جرمنی بھر میں اسی خراب موسم کے نتیجے میں صرف جمعرات کے دن ہی ایک ہزار حادثات نوٹ کئے گئے، جس کےنتیجے میں بارہ افراد شدید جبکہ پچاس سے زائد ممولی طور پر زخمی ہوئے۔ مغربی یورپ میں مزید برفباری کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں