1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مغربی جرمن شہر ميں رہائشی عمارت ميں دھماکا، متعدد افراد زخمی

24 جون 2018

جرمن شہر ووپرٹال کے ايک علاقے ميں ايک رہائشی عمارت ميں دھماکے اور پھر آتشزدگی کے نتيجے ميں کم از کم پچيس افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ فی الحال يہ واضح نہيں کہ يہ حادثہ تھا يا کوئی واردات۔

https://p.dw.com/p/30AyW
Detuschland Explosion in Wohnhaus in Wuppertal
تصویر: picture-alliance/dpa/H. Kaiser

مغربی جرمنی کے شہر ووپرٹال ميں ايک رہائشی عمارت ميں ہفتے کی رات ہونے والے دھماکے کے نتيجے ميں پچيس افراد زخمی ہو گئے۔ اس خبر کی تصديق جرمن پوليس کی جانب سے کر دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درميانی شب يہ دھماکا مقامی وقت کے مطابق نصف شب سے قبل ہوا۔ دھماکا اس قدر شديد تھا کہ متعدد منزلوں پر مشتمل عمارت اور قريبی عمارتوں ميں رہائش پذير افراد اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق دھماکے سے متعلقہ عمارت کا تہہ خانہ اور اس کے اوپر کی تين منزليں مکمل طور پر تباہ ہو گئيں۔

بعد ازاں متاثرہ عمارت آتشزدگی کا شکار بھی ہو گئی جس سبب متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ اکيس افراد کو معمولی چوٹيں آئيں ہيں جبکہ چار شديد زخمی ہوئے۔

اتوار چوبيس جون کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق جرمن پوليس اب تک اس بارے ميں تفتيش کر رہی ہے کہ یہ واقعہ کيسے رونما ہوا اور آيا يہ ایک حادثہ تھا يا پھر اس ميں دہشت گردی کا کوئی عنصر شامل تھا۔ تفتيشی عمل پر فی الحال پوليس نے کوئی بيان جاری نہيں کيا ہے۔

يہ واقعہ ووپرٹال کے لانگرفيلڈ نامی علاقے ميں پيش آيا۔ پوليس نے بتايا ہے کہ دھماکے کی وجہ سے عمارت کے کچھ حصوں ميں آگ توار کی دوپہر تک لگی ہوئی ہے اور اسے بجھائے جانے کا عمل جاری ہے۔

ع س / ع ب، نيوز ايجنسياں