1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

معذور کوہ پیما کا حوصلہ، پہاڑ سے بلند

23 مئی 2011

ہنگری کے ایک کوہ پیما نے اپنی ایک مصنوعی ٹانگ کے ساتھ دنیا کی چوتھی سب سے اونچی چوٹی سر کر لی ہے۔ گزشتہ برس کوہ پیمائی کے دوران ایک حادثے کی وجہ سے اوہ اپنی دائیں ٹانگ سے محروم ہو گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/11LcB
تصویر: dpa

رومانیہ میں پیدا ہونے والے ہنگری کے 43 سالہ شہری سولٹ ایروس (Zsolt Eross) نے 2002ء میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کیا تھا۔ گزشتہ ہفتے کے روز انہوں نے اپنی ایک ٹانگ مصنوعی ہونے کے باوجود دنیا کی چوتھی بلند ترین چوٹی لہوٹسے سر کر لی۔

لہوٹسے (Lhotse) دنیا کا چوتھا سب سے اونچا پہاڑ ہے۔ اس کی بلندی 8516 میٹر یا 27939 فٹ ہے۔ یہ نیپال اور چین کے درمیان ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے میں ماؤنٹ ایورسٹ کے بالکل قریب ہی واقع ہے۔

Gipfelgrat des Lhotse
لہوٹسے (Lhotse) دنیا کا چوتھا سب سے اونچا پہاڑ ہےتصویر: G. Kaltenbrunner

بوڈاپسٹ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق واپسی کے لیے سولٹ ایروس اپنے ساتھیوں کے ہمراہ 7900 میٹر کی بلندی پر واقع کمیپ نمبر چار میں اتوار کی شام ہی کو پہنچ چکے تھے اور پیر کے روز وہ کمیپ نمبر تین پر آ جائیں گے۔ اطلاعات کے مطابق وہ ٹھیک ہیں لیکن بہت تھکے ہوئے ہیں۔

Blick auf Lhotse und Everest
لہوٹسے نیپال اور چین کے درمیان ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے میں ماؤنٹ ایورسٹ کے بالکل قریب ہی واقع ہےتصویر: R. Dujmovits

ایروس کی ٹیم کی طرف سے یوٹیوب پر ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے۔ اس ویڈیو میں ایروس کہتے ہیں، ’’مصنوعی ٹانگ کے ساتھ چڑھائی کرتے ہوئے مجھے انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ انہیں ہر تھوڑی دیر بعد اپنی مصنوئی دائیں ٹانگ کو ایڈجسٹ کرنا پڑتا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سفر کے آغاز کے دوسرے روز طوفان کی وجہ سے انہیں شدید مشکل پیش آئی۔

ایروس 2010ء میں سلوواکیہ میں کوہ پیمائی کے دوران شدید زخمی ہو گئے تھے اور اس حادثے میں ان کی دائیں ٹانگ ضائع ہو گئی تھی۔ دنیا بھر میں مجموعی طور پر 14 پہاڑ ایسے ہیں، جن کی بلندی 8000 میٹر سے زیادہ ہے۔ ایروس ان پہاڑوں میں سے نو کو سر کر چکے ہیں، جن میں نانگا پربت بھی شامل ہے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں