1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’سنجے دت کو معافی نہیں ملے گی‘، گورنر نے اپیل مسترد کر دی

امجد علی24 ستمبر 2015

بالی وُڈ کے ممتاز اداکار سنجے دت کی سزا میں تخفیف کے حوالے سے مہاراشٹر کے گورنر کو دی گئی درخواست رَد کر دی گئی ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ اپنی سزا پوری کرنے کے بعد ہی کہیں فروری 2016ء میں رہا ہو سکیں گے۔

https://p.dw.com/p/1GcVf
Indien Sanjay Dutt Schauspieler Archivbild 2006
سنجے دت کی گرفتاری 1993ء ہی میں عمل میں آ گئی تھی، یہ تصویر 2006ء کی ہےتصویر: picture alliance/AP Photo

چھپن سالہ اداکار سنجے دت کو سن 2013ء میں پانچ سال کی سزائے قید کا حکم سنایا گیا تھا۔ اس سزا کا تعلق ممبئی میں 1993ء میں ہونے والے بم دھماکوں سے تھا۔ تب عدالت نے یہ کہا تھا کہ سنجے دت پر غیر قانونی ہتھیاروں کی دسترس کا الزام ثابت ہو گیا ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ یہ ہتھیار اُس کھیپ کا حصہ تھے، جو 1993ء کے حملوں میں استعمال ہوئی۔ ان حملوں میں مجموعی طور پر 275 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

مہاراشٹر کے گورنر سی ودیا ساگر راؤ نے سنجے دَت کی سزا میں تخفیف کی درخواست اس مشورے کے بعد رَد کر دی کہ چونکہ سپریم کورٹ کی جانب سے دَت کی سزا کی توثیق کی گئی تھی، اس لیے اُسے معافی دینے سے ’ایک غلط روایت پڑنے کا اندیشہ ہے‘۔

ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے ٹیلی فون پر باتیں کرتے ہوئے گورنزر کے سیکریٹیریٹ کے ایک افسر نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے سے باتیں کرتے ہوئے کہا:’’مسٹر دَت اپنی سزا پوری کریں گے۔ جیل میں اُن کے قیام کے عرصے میں تخحفیف نہیں کی جائے گی۔‘‘

سنجے دت کی گرفتاری 1993ء ہی میں عمل میں آ گئی تھی۔ 2013ء میں سپریم کورٹ نے سنجے دَت کو 2007ء میں انسدادِ دہشت گردی کی ایک عدالت کی جانب سے سنائی جانے والی سزا برقرار رکھنے کا فیصلہ دیا تھا۔ تاحال پروگرام کے مطابق دَت کی رہائی فروری 2016ء میں عمل میں آئے گی۔

جیسا کہ جریدے ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے بتایا ہے، مہاراشٹر کے گورنر کے نام بھیجی جانے والی اپیل میں سپریم کورٹ کے سابق جج مرکنڈے کاٹجو نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ سنجے دَت کوئی ’دہشت گرد‘ نہیں ہے اور اپنے کیے کی کافی سزا پا چکا ہے۔

Filmszenen aus dem Film Agneepath
سنجے دَت 2012ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’اگنی پتھ‘ کے ایک منظر میںتصویر: Eros International

دَت بالی وُڈ کی بہت سی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں، جن میں ہیرو کے ساتھ ساتھ اُنہوں نے خاص طور پر منفی اورکامیڈی کرداروں میں بھی شہرت حاصل کی ہے۔

آج کل سنجے دَت اپنی بیٹی کی ناک کی سرجری کے سلسلے میں تیس دن کی ضمانت پر رہا ہیں۔ سنجے دَت کو اس سے پہلے بھی وقتاً فوقتاً جیل سے عارضی طور پر باہر آنے کے مواقع ملتے رہے ہیں، جس کی بناء پر اُنہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اپنے اثر و رسوخ اور مقبولیت کی بناء پر اُن کے ساتھ خصوصی سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید