1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مضبوط یورو محفوظ تر کیسے بنا؟ جعلی نوٹوں کی شرح میں کمی

مقبول ملک18 جولائی 2015

یورپی یونین کے یورو زون کے رکن ملکوں کی مشترکہ کرنسی یورو بہت مضبوط اور مستحکم ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی محفوظ بھی ہو چکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یورو کے جعلی کرنسی نوٹوں کی گردش بھی واضح طور پر کم ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1G0xZ
گزشتہ برس متعارف کرایا جانے والا دس یورو کا نیا نوٹتصویر: Reuters

جرمن شہر فرینکفرٹ میں یورپی مرکزی بینک ای سی بی کے مطابق سال رواں کی پہلی ششماہی کے دوران جعلی ہونے اور پتہ چلنے پر جو یورو کرنسی نوٹ ضبط کر لیے گئے، ان کی تعداد میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یورپی سینٹرل بینک نے کہا ہے کہ اس سال یکم جنوری سے لے کر تیس جون تک یورپی مالیاتی اتحاد میں شامل کُل انیس ملکوں میں جو جعلی یورو نوٹ گردش سے نکال لیے گئے، ان کی مجموعی تعداد چار لاکھ چّون ہزار رہی۔

یہ تعداد گزشتہ برس کے پہلے چھ ماہ کے دوران ضبط کیے جانے والے ایسے نقلی نوٹوں کی تعداد کے مقابلے میں زیادہ تھی لیکن 2014ء کی دوسری ششماہی کے مقابلے میں اس شرح میں واضح کمی دیکھی گئی۔ ای سی بی نے بتایا کہ پچھلے برس کی دوسری ششماہی کے مقابلے میں اس سال کی پہلی ششماہی کے دوران ضبط کیے گئے جعلی نوٹوں کی شرح میں قریب 11 فیصد کی کمی ہوئی۔

فرینکفرٹ میں قائم یورپی مرکزی بینک یورو زون میں جعلی نوٹوں کی گردش کے حوالے سے ہر سال دو مرتبہ اپنی رپورٹیں جاری کرتا ہے۔ اس بینک کے مطابق اس سال کی پہلی ششماہی کے دوران یورو زون میں قانونی ذریعہ ادائیگی کے طور پر اور دنیا کے دیگر خطوں میں زرمبادلہ کی ایک اہم شکل میں گردش کرنے والے یورو کرنسی نوٹوں کی مجموعی تعداد 17 ارب سے زائد تھی۔

بینک نے یہ بھی کہا ہے کہ یورو کے جعلی نوٹوں کی تیاری اور گردش کی اصلی نوٹوں کے مقابلے میں شرح انتہائی کم ہے، جس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ ECB نے مختلف مالیت کے نئے یورو نوٹوں کے مرحلہ وار متعارف کرائے جانے کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے۔

Währung Euro Falschgeld
پچاس یورو کے ایک جعلی نوٹ میں نظر آنے والا وہ ناقص سکیورٹی ہولوگرام جس کی اصل کے عین مطابق نقل تیار کرنا انتہائی مشکل ہےتصویر: picture-alliance/dpa/F. May

یورو کرنسی نوٹوں کو شروع دن سے ہی کئی ایسی امتیازی علامات اور نشانات کے ساتھ بہت محفوظ بنا دیا گیا تھا، جن کی نقل کرنا آسان نہیں ہے۔ پھر کچھ عرصہ قبل یورپی بینک نے پانچ یورو مالیت کے نوٹوں کے ساتھ مختلف مالیت کے نوٹوں کو تبدیل کرنے کا وہ عمل بھی شروع کر دیا، جس کے تحت ہر نوٹ کو آٹھ سے لے کر دس طرح تک کی امتیازی خصوصیات، علامات، رنگوں، ہولو گرام اور واٹر مارکس کے ساتھ مزید محفوظ بنا دیا گیا ہے اور جعلسازوں کے لیے ان کی نقلیں تیار کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں گردش کرنے والے یورو کے اصلی کرنسی نوٹوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ جعلی نوٹوں کی شرح مسلسل کم ہوتی جا رہی ہے۔ یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ پانچ یا دس یورو کی معمولی یا پھر سو، دو سو یا پانچ سو یورو کی بہت زیادہ مالیت والے نوٹوں کے مقابلے میں اس کرنسی کے ضبط کیے جانے والے زیادہ تر جعلی نوٹ پچاس یورو کے ہوتے ہیں۔