1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مشرق وسطیٰ میں امن کے لئے یورپی یونین کا کردار

6 جنوری 2009

غزہ پٹی پر اسرائیلی حملے میں اب تک سینکڑوں شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ یورپی یونین خطے میں فوری جنگ بندی کی کوششوں میں مصروف ہے۔ اس حوالے سے کرسٹوف ہاسل باخ کا تبصرہ:

https://p.dw.com/p/GT0Y
یورپی یونین کا امن وفد یوروشلم میں اسرائیلی صدر شمعون پیریز سے ملاقات کے دورانتصویر: AP

سرکاری لحاظ سے دیکھا جائے تو مشرق وسطیٰ کی جنگ روکنے کے لئے کی جانے والی مصالحتی کوششوں میں یورپی یونین کا کردار فیصلہ کن ہے۔ برسلزکےسرکاری مؤقف کے مطابق شوارزن برگ وفد یا سارکوزی کی کوششیں اس کام میں ہاتھ بٹانے کے مترادف ہیں۔ یورپی کمیشن کے ترجمان Amadeu Altafaj نے کہا کہ ہر وہ کوشش قابل تحسین ہے جس کے ذریعے یورپی یونین کا مشترکہ پیغام جنگی فریقین تک پہنچانے میں مدد مل سکتی ہو۔

Livni bei Sarkozy
فرانسیسی صدر سارکوزی اور اسرائیلی وزیر خارجہ زپی لیونیتصویر: AP

سرکاری بیان کی حد تک تو سب ٹھیک نظر آتا ہے۔ لیکن حقیقت میں یورپی یونین اندرون خانہ کھینچا تانی کی ایک افسوس ناک تصویر پیش کر رہی ہے۔ یونین کے صدر کےطور پر چیک ریپبلک کا کردار پہلے ہی کمزور ہے۔ اوپر سے اندرونی جھگڑے نے اسے بے بس کر رکھا ہے۔

دوسری جانب فرانسیسی صدر سارکوزی کا طرز عمل یوں ہے جیسے وہ ابھی تک یورپی یونین کی صدارت کا فریضہ انجام دے رہے ہوں۔ حالانکہ فرانس اپنی چھ ماہ کی صدارتی مدت پوری کر چکا ہے۔ سارکوزی قیادتی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں اور وہ کر بھی سکتے ہیں لیکن انہیں اس کی اجازت نہیں ہے۔

Bernard Kouchner beim EU-Treffen in Paris
فرانسیسی وزیر خارجہ بیرنارد کوشنیر نے زور دے کا کہا کہ ہمیں ہرصورت میں جنگ بندی کا راستہ نکالنا ہو گاتصویر: AP

سب سے مضحکہ خیز صورت حال کا سامنا فرانسیسی وزیر خارجہ Bernard Kouchner کو ہے۔ وہ اس وفد میں شامل ہیں جن کی قیادت چیک ریپبلک کے وزیر خارجہ Schwarzenberg کر رہے ہیں۔ اس پر مستزاد یہ کہ مشرق وسطیٰ جنگ کے بارے میں دونوں وزرائے خارجہ مختلف بیانات دے رہے ہیں۔ Schwarzenberg کہتے ہیں کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے جب کہ Kouchnerکے نزدیک یہ جنگ دفاع کے زمرے میں نہیں آتی۔

Israel greift Hamas an Freies Format
غزہ پر اسرائیلی کارروائی میں اب تک سینکڑوں شہری ہلاک ہو چکے ہیںتصویر: AP

ادھر جرمنی نے بھی اپنا ایک خصوصی ایلچی مشرق وسطیٰ روانہ کر رکھا ہے۔ جب تک یورپی یونین یکساں مؤقف پر مبنی ہم آہنگی ظاہر نہیں کرتی، سفارتی محاذ پر اسے کامیابی حاصل نہیں ہو سکتی۔ اس کا ثبوت اسرائیل کا طرز عمل ہے جو یورپ کی مصالحتی کوششوں کو کوئی وقعت نہیں دیتا۔

یورپی یونین کے لئے اس وقت کچھ کر دکھانے کا سنہری موقع ہے کیونکہ امریکہ جارج ڈبلیو بش کی پالیسیوں کی وجہ سے مشرق وسطیٰ میں ناکام ہو چکا ہے۔