1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کی بھارتی درخواست ویٹو

عابد حسین
30 دسمبر 2016

چین نے بھارت کی وہ درخواست ویٹو کر دی ہے، جس میں مولانا مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ بھارت الزام عائد کرتا ہے کہ مولانا مسعود اظہر بھارتی سرزمین پر ہونے والے کئی حملوں کے ماسٹرمائنڈ ہیں۔

https://p.dw.com/p/2V4BG
Symbolbild UN sicherheitsrat berät sich zu Syrien
تصویر: picture-alliance/Photoshot

چین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اُس بھارتی درخواست کو ویٹو کر دیا ہے، جس میں پاکستان میں قائم ایک شدت پسند تنظیم جیشِ محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے تصدیق کی ہے کہ تمام اراکین کی جانب سے یقین دہانی کے بعد مسود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کی درخواست دی گئی تھی۔

بھارت کی جانب سے درخواست تقریباً نو ماہ قبل جمع کرائی گئی تھی۔ سوروپ کے مطابق نو ماہ قبل چین نے اس درخواست کو مزید ثبوتوں کی جانچ پڑتال کرنے پر  رائے شماری کو ملتوی کرا دیا تھا اور اب چین نے بھارتی درخواست کو ویٹو کر دیا ہے۔ درخواست کو ویٹو قرار دینے پر بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیان میں اِسے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں دہرا معیار اپنانے کے مترادف قرار دیا ہے۔

Masood Azhar
انتہا پسند گروپ جیشِ محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہرتصویر: picture-alliance / dpa

سوروپ کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہےکہ نئی دہلی حکومت کو یقین تھا کہ چین دہشت گردی کے تناظر میں اس درخواست کو مثبت انداز میں لے گا لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ چینی وزارت خارجہ نے جمعہ تیس دسمبر کی شام تک اس مناسبت سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

 

اگر مونا مسعود اظہر کو سلامتی کونسل کی جانب سے دہشت گرد قرار دے دیا جاتا تو اُن پر پاکستان سے باہر سفر کرنے پر پابندی عائد ہو جاتی اور اُن کے بیرون ملک تمام اثاثے بھی ضبط کر لیے جاتے۔ مولانا مسعود اظہر کے شدت پسند گروپ جیشِ محمد کو اقوام متحدہ نے القاعدہ کے ساتھ وابستگی کے شبے میں بلیک لسٹ کر رکھا ہے۔

بھارت جیشِ محمد گروپ کے اس لیڈر پر الزام رکھتا ہے کہ وہ بھارت میں کئی دہشت گردانہ حملوں کا ماسٹرمائنڈ ہیں۔ اس میں ایک بھارتی ایئر فورس کے بیس پر کیا گیا حملہ بھی شامل ہے۔ دوسری جانب پاکستانی سکیورٹی فورسز نے مولانا مسعود اظہر سے پوچھ گچھ کے بعد  ایئر بیس پر حملے میں ملوث ہونے کے بھارتی الزام سے کلیئر قرار دے دیا تھا۔