1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مسجد کی تعمیر کی اجازت نہ دینے پر امریکی شہر کے خلاف مقدمہ

مقبول ملک22 جولائی 2016

امریکی وزارت انصاف نے مسلمانوں کے خلاف مذہبی تعصب کے الزام میں پینسلوانیا کے ایک شہر کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ اس شہر کی انتظامیہ نے مسلمانوں کو ایک مسجد کی تعمیر کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔

https://p.dw.com/p/1JUFE
Bildergalerie Ramadan 2012
ریاست مشی گن میں ڈیئربورن کے مقام پر امریکا کی سب سے بڑی اور سب سے زیادہ لاگت سے تعمیر کی جانے والی مسجدتصویر: picture-alliance/dpa

ریاست پینسلوانیا کے سب سے بڑے شہر فلاڈیلفیا سے جمعہ بائیس جولائی کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق اہم بات یہ ہے کہ یہ مقدمہ مسلمانوں کی کسی تنظیم نے دائر نہیں کیا بلکہ اس کا محرک خود واشنگٹن میں ملکی محکمہ انصاف ہے۔

وفاقی وزارت انصاف کے مطابق یہ مقدمہ فلاڈیلفیا کے نواح میں ایک قدرے چھوٹے شہر بَین سَیلم (Bensalem) کی انتظامیہ کے خلاف دائر کیا گیا ہے۔ اس مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ 2014ء میں مقامی مسلمانوں کو ایک مسجد کی تعمیر کی اجازت دینے سے انکار پر اس شہر کی مقامی حکومت مسلمانوں کے خلاف مذہبی بنیادوں پر امتیازی برتاؤ کی مرتکب ہوئی۔

فلاڈیلفیا سے شائع ہونے والے اخبار ’دا فلاڈیلفیا انکوائرر‘ نے لکھا ہے کہ وفاقی حکام کی طرف سے یہ مقدمہ جمعرات اکیس جولائی کو دائر کیا گیا، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بَین سَیلم کی انتطامیہ شہر میں ایک مسجد کی تعمیر کی اجازت دے۔ اس مسجد کی تعمیر کے لیے کوششیں ایک ایسی مقامی مسلم تنظیم کر رہی ہے، جس کا اس تعمیراتی منصوبے کی مناسبت سے اپنا نام بھی ’بَین سَیلم مسجد‘ (Bensalem Masjid) ہے۔

ساتھ ہی اس مقدمے میں عدالت سے یہ درخواست بھی کی گئی ہے کہ ریاست پینسلوانیا کے اس چھوٹے سے شہر کو اپنے بلدیاتی ملازمین کو اس بات کی تربیت بھی دینا چاہیے کہ مذہبی مقاصد کے لیے اراضی کے استعمال سے متعلق ریاستی قوانین کا استعمال کہاں اور کیسے کیا جانا چاہیے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس مقدمے میں زر تلافی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے، جس کی مالیت ظاہر نہیں کی گئی۔

USA Religion Islam Iman Talib Abdur Rashid in New York Demonstration
نیو یارک شہر میں امریکی مسلمانوں کا ایک احتجاجی مظاہرہتصویر: dapd

اسی بارے میں نیو یارک سے ملنے والی رپورٹوں میں نیوز ایجنسی اے ایف پی نے لکھا ہے کہ فلاڈیلفیا کے نواح میں مسجد کی تعمیر کی اجازت سے متعلق ’بَین سَیلم مسجد‘ اور مقامی انتظامیہ کے درمیان قانونی جنگ دو سال سے جاری ہے۔

وفاقی محکمہ انصاف کی طرف سے اس تنازعے میں مقامی حکومت کے خلاف مقدمہ دائر کرنے والے وکلاء کی ٹیم کے سربراہ رومن سٹورزر کا کہنا ہے کہ اس مقدمے کا وفاقی وزارت انصاف کی طرف سے دائر کیا جانا ظاہر کرتا ہے کہ بَین سَیلم نامی شہر میں یہ معاملہ کتنا سنجیدہ مسئلہ ہے۔

دوسری طرف Bensalem کی بلدیاتی انتظامیہ کے وکیل جوزف پِی‍زو نے کہا ہے کہ اس شہر کی مقامی حکومت کو یہ مقدمہ دائر کیے جانے سے ناامیدی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے 2014ء میں مسجد کی تعمیر کے تنازعے نے قانونی جنگ کی شکل اختیار کی ہے، شہری انتظامیہ وفاقی محکمہ انصاف کے ساتھ مل کر کام کر رہی تھی اور پھر بھی یہ مقدمہ دائر کر دیا گیا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید