1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مسجد اقصیٰ: تیسرے روز بھی جھڑپیں جاری

امتیاز احمد15 ستمبر 2015

مسجد اقصی کے احاطے میں موجود فلسطینی نوجوانوں اور اسرائیلی فوجیوں کے مابین آج تیسرے روز بھی جھڑپیں ہوئی ہیں۔ اسرائیلی فوج آنسو گیس اور فلیش گرینیڈوں سے مسلح ہے جبکہ فلسطینی پتھر پھینک رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1GWnI
Israel Zusammenstöße in Jerusalem
تصویر: Reuters/B. Ratner

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ کے باہر واقع اس کمپاؤنڈ کو محفوظ بنانا چاہتی ہے، جہاں سے مبینہ طور پر یہودیوں کے نئے سال کے موقع پر سیاحوں کی آمد پر خلل ڈالنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ اردن کی جماعت وقف، جو مسجد اقصیٰ کو کنٹرول کرتی ہے، کا کہنا ہے کہ پولیس مسجد کے احاطے میں کافی اندر تک داخل ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ مسجد اقصیٰ مسلمانوں کا تیسرا مقدس ترین مقام ہے جب کہ یہودی بھی اسے مقدس مانتے ہیں۔ دریں اثناء بین الاقوامی براداری کی جانب سے اپیل کی گئی ہے کہ فریقین امن سے رہیں اور کشیدگی بڑھانے سے اجتناب کریں۔ اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری بان کی مون نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے تشدد کے خاتمے کی اپیل کی ہے۔

اردن کے شاہ عبداللہ نے اسرائیل کے اعمال کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات خطرے میں پڑ سکتے ہیں جبکہ فلسطینی صدر محمود عباس نے ان اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کی ہے۔ اردن اور اسرائیل کے مابین امن معاہدہ سن 1994 میں طے پایا تھا۔ شاہ عبداللہ کا بغیر کسی کا نام لیے کہنا تھا، ’’اگر ایسا جاری رہا تو اردن کے پاس کوئی دوسری راہ نہیں بچے گی۔‘‘

Israel Jerusalem Al Aqsa Moschee Soldaten Zusammenstöße Palästinenser Polizei
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Sultan

فلسطینی صدر کے ترجمان نے کہا ہے کہ ان حالیہ واقعات سے متعلق عباس اور شاہ عبداللہ کے مابین ٹیلی فون پر بھی بات چیت کی گئی ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نےمنگل کی شام ایک ہنگامی وزارتی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

فلسطینی ہلال احمر کے ایمرجنسی یونٹ کے ڈائریکٹر امین ابو غزالی نے بتایا ہے کہ منگل کے روز 26 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی پولیس کی ترجمان لوبا سمری کے مطابق پانچ پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے ہیں جبکہ دو فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق انتہائی قوم پرست یہودی اسرائیلی حکومت پر دباؤ ڈالے ہوئے ہیں کہ انہیں اس کمپاؤنڈ میں عبادت کی اجازت دی جائے، جو مسجد اقصیٰ کے بالکل سامنے واقع ہے۔ مشرقی یروشلم کے پر قبضے کے بعد سے اسرائیل نے اس کمپاؤنڈ میں یہودیوں کو عبادت کرنے سے روکا ہوا ہے۔