1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مسافر پرواز پر ناکام حملے کا مقدمہ، جیوری کا چناؤ شروع

4 اکتوبر 2011

امریکی شہر ڈیٹرائٹ میں آج منگل کے روز نائجیریا سے تعلق رکھنے والے میبنہ دہشت گرد عمر فاروق عبدالمطلب کے خلاف مقدمے کی سماعت کے لیے جیوری کے حتمی انتخاب کا عمل شروع ہو گیا۔

https://p.dw.com/p/12ld4
عمر فاروق عبدالمطلبتصویر: AP

اس ملزم پر، جس کی عمر 24 برس ہے اور جو ماضی میں طالبعلم بھی رہ چکا ہے، الزام ہے کہ اس نے دسمبر سن 2009 میں کرسمس کے تہوار کے موقع پر امریکہ کی نارتھ ویسٹ ایئر لائنز کی ہالینڈ میں ایمسٹرڈیم سے امریکہ میں ڈیٹرائٹ جانے والی ایک مسافر پرواز کو دھماکے سے اڑانے کی ناکام کوشش کی تھی۔

عبدالمطلب پر مجموعی طور پر آٹھ مختلف الزامات عائد کیے جا چکے ہیں۔ ان میں دہشت گردانہ حملے کی سازش، اقدام قتل اور وسیع پیمانے پر ہلاکت کا باعث بن سکنے والے ہتھیار کے استعمال کی کوشش جیسے الزامات بھی شامل ہیں۔

Delta in Detroit - Terror - Northwest
ملزم نے اس مسافر طیارے کو فضا میں تباہ کرنے کی کوشش کی تھیتصویر: AP

یہ افریقی نژاد ملزم قریب دو سال قبل نارتھ ویسٹ ایئر لائنز کی مسافر پرواز کو ایک خود کش بم دھماکے کے ذریعے تباہ کر دینا چاہتا تھا تاہم اس کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہو سکی تھی۔ عدالت کی نظر میں اگر اس پر لگائے گئے الزامات ثابت ہو گئے تو اسے عمر قید تک کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

اس مقدمے کی خاص بات یہ ہے کہ ملزم عمر فاروق عبدالمطلب نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنا دفاع خود کرنا چاہتا ہے۔ اس طرح اس مقدمے میں عدالتی کارروائی کا پہلا ہفتہ، جو عموماﹰ جیوری کے ارکان کے انتخاب کے لیے استعمال ہوتا ہے اور جس میں محض معمول کی کارروائی ہی مکمل کی جاتی ہے، اتنا اہم ہو گیا ہے کہ اب اس پہلے ہفتے کی عدالتی کارروائی کے نتائج کے بارے میں بھی کچھ یقین سے نہیں کہا جا سکتا۔

اس مبینہ دہشت گرد کے خلاف مقدمے کی باقاعدہ سماعت سے پہلے گزشتہ ماہ جو ابتدائی سماعت ہوئی تھی، اس میں عبدالمطلب نے کمرہ عدالت میں لائے جانے کے وقت وہاں موجود حاضرین کو دیکھ کر ہلکی آواز میں صرف یہ کہا تھا، ’اسامہ زندہ ہے‘۔ پھر جب اس عدالت کی خاتون جج نے ملزم کے خلاف لگائے گئے الزامات پڑھ کر سنائے تھے، تو عبدالمطلب نے فرد جرم میں القاعدہ کے نام کا تذکرہ سننے پر اپنے منہ سے صرف ایک لفظ ادا کیا تھا، ’جہاد‘۔

Neuer Zwischenfall auf Flug Amsterdam Detroit
طیارے میں سوار ایک امریکی خاندان کے ارکان اپنے مشاہدات بیان کرتے ہوئے، فائل فوٹوتصویر: AP

ملزم کے خلاف مقدمے کی سماعت کرنے والی جیوری میں شمولیت کے لیے قریب ڈھائی سو افراد نے عدالتی سوالنامہ پُر کیا ہے۔ ان میں سے اگلے چند روز میں جیوری کے 12 ارکان کا چناؤ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ منتخب ارکان میں سے کسی کے دستیاب نہ ہونے کی صورت میں سماعت میں حصہ لینے کے لیے جیوری کے چار متبادل ارکان بھی منتخب کیے جائیں گے۔

عمر فاروق عبدالمطلب کے خلاف ڈیٹرائٹ میں اس عدالتی کارروائی کے دوران پہلی مرتبہ قانونی جرح کے لیے گیارہ اکتوبر کی تاریخ مقرر ہے۔ ملزم کے بارے میں استغاثہ کا دعویٰ ہے کہ اس نے ہالینڈ سے آنے والی نارتھ ویسٹ فلائٹ 253 کو اس وقت دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی جب وہ امریکی شہر ڈیٹرائٹ کے قریب پہنچ چکی تھی۔

ملزم نے اپنی پتلون کے نیچے زیر جامہ میں سلائی کر کے چھپایا گیا بم استعمال کرنے کی کوشش کی تھی جو ناکام رہی تھی اور اس دوران وہ جل کر زخمی بھی ہو گیا تھا۔ پھر اس کی طرف سے کسی دوسری کوشش سے قبل طیارے میں سوار مسافروں نے اسے اپنے قابو میں لے لیا تھا۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں