1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

محمد یوسف، کرئیر ختم؟

3 نومبر 2008

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بیٹسمین محمد یوسف نے باغی انڈین کرکٹ لیگ (آئی سی ایل )جوائن کر لی۔

https://p.dw.com/p/FmqU
تصویر: AP

پی سی بی کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ذاکرخان نےیوسف کے باغی لیگ جوائن کرنے کی تصدیق کی ہے۔ 34سالہ محمد یوسف کے انڈین کرکٹ لیگ جوائن کرنے کی اطلاع ایک ایسے مرحلے پر سامنےآئی ہے جب سلیکٹرز نے چند گھنٹے پہلے ان کا نام ابو ظہبی سیریز کے لئے قومی ٹیم میں شامل کیا تھا۔ گزشتہ روزذاکرخان نے قذافی سٹیڈیم میں قومی ٹیم کے کوچ انتخاب عالم کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ یوسف کی اہلیہ نے رابطہ کرنے پر اپنے شوہر کے باغی لیگ جوائن کرنے کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ یوسف بھارت روانہ ہو گئے ہیں ۔

محمد یوسف نے گز شتہ برس ٹونٹی 20عالمی کپ کے لئے ٹیم سے ڈراپ کئے جانے کے بعد دلبر داشتہ ہوکرآئی سی ایل جوائن کی تھی تاہم اس وقت کے پی سی بی کے چیئر مین ڈاکٹر نسیم اشرف کی جا نب سے کچھ ایسے وعدے کرنے پرجووفا نہ ہو سکے یوسف پاکستان کی نمائندگی پرآمادہ ہو گئے تھے۔ بعد ازاں آئی سی ایل کی قانونی کاروائی کے نتیجہ میں محمد یوسف انڈین نا صرف انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے سے محروم رہےبلکہ انھیں بھاری مالی خسارے کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ یہ معاملہ تاحال بھارتی عدالتوں میں زیر سماعت ہے۔

پاکستان کی جانب 79ٹیسٹ میچوں میں 55 کی ریکارڈ اوسط سے 6770 اور269ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 9242 رنزبنانے والے محمد یوسف کا اانٹرنیشنل کیرئیراب خطرے میں پڑ گیا ہے۔ ذاکر خان نے یوسف پردوسرے باغی کھلاڑیوں کی طرح پابندی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ بیٹسمین کے خلاف کاروائی بورڈ کے قانون کے مطابق ہو گی۔ یوسف کے فیصلے پربرہم دکھائی دینے والے پاکستانی ٹیم کے کوچ انتخاب عالم نے میڈیا کو بتایا کہ یوسف نے اس حوالے سے سب کو اندھیرے میں رکھا۔ انھوں نے کہا کہ تین روز پہلے ڈومیسٹک میچ میں یوسف نےعدم شرکت کی وجہ اپنی بیوی کی بیماری کوقرار دیا تھا مگراب وہ کسی کو مطلع کیے بغیر آئی سی ایل کھیلنے بھارت چلے گئے ہیں۔ انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ یہ نظم وضبط کا معاملہ ہے اور ہمیں اس طرح کے واقعات کا تدارک کرنا ہوگا۔

پاکستان کرکٹ کا دیو مالائی کردار سمجھے جانے والے یوسف کا شمارعہد حاضرکےعظیم بیٹسمینوں میں کیا جاتا ہے۔ وہ اب ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی رینکنگ کے ٹاپ ٹین بیٹسمینوں میں شامل واحد پاکستانی بیٹسمین ہیں۔ انھوں نے کیلنڈرائیر2006میں ٹیسٹ کرکٹ میں 1788رنز بنا کر ویوین رچرڈز کا عالمی ریکارڈ توڑدیا تھا۔

محمد یوسف کے باغی ہونے کے بعد سلیکٹرز نے اس ماہ ابو ظہبی میں ویسٹ انڈیزکےخلاف ہونے والی ون ڈے سیریز کےلئے کراچی کے بیٹسمین خالد لطیف کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔