1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مجوزہ مشروط امداد پر پاکستان امریکہ سے ناراض

13 اپریل 2009

امریکی سینیٹر جان کیری نے اپنے دورہء پاکستان پر پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر رہنماوٴں کے ساتھ شدت پسندی کے خلاف جنگ اور پاکستان کو دی جانے والی مشروط امریکی امداد پرملاقاتیں کی ہیں۔

https://p.dw.com/p/HVgN
پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور پاکستان کے دورے پر گئے امریکی سینیٹر جان کیریتصویر: AP

پاکستانی حکام نے امریکی کانگریس کی طرف سے پاکستان کو دی جانے والی امداد کو مشروط کرنے کے عمل کوتنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ امداد کو مشروط کرنے سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وہ نتائج حاصل نہیں کئے جا سکتے ہیں، جن کی توقع کی جا رہی ہے۔

پاکستانی وزیراعظم کا یہ بیان امریکی سینیٹ کی کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین جان کیری کے ساتھ ان کی ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔

اس سے قبل، پاکستانی حکام کے مطابق، امریکی سینیٹر اور پاکستانی وزیراعظم کی ملاقات میں دہشت گردی کے علاوہ صوبہ سرحد کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہء خیال کیا گیا۔

حکام کے مطابق جان کیری پاکستانی صدر آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔

حکام کے مطابق جان کیری پاکستانی صدر آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ بھی آج پیر کے روز ہی ملاقات کرنے والے ہیں۔

اسلام آباد میں ہمارے نمائندے امتیاز گل کے مطابق جان کیری پیر کی شام پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔

پاکستان میں امریکی سفارتخانے کے ترجمان لو فنٹور نے بتایا کہ جان کیری پیر کی صبح اسلام آباد پہنچے اور ان کے دورے کا مقصد پاکستانی رہنماوٴں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ساتھ پاک۔امریکہ تعلقات اور پاکستان کے داخلی مسائل پر بات چیت کرنا ہے۔

امریکی صدر باراک اوباما یہ کہہ چکے ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

جان کیری کے اس دورے سے قبل امریکی ایلچی رچرڈ ہالبروک اور ایڈمیرل مائک میوئلن بھی پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔