1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

متعدد ممالک سے روسی سفارت کاروں کی بے دخلی

26 مارچ 2018

برطانیہ سے اظہار یکجہتی کے طور پر امریکا اور کینیڈا کے علاوہ یورپی یونین کی چودہ رکن ریاستوں نے روسی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان ممالک میں فرانس اور جرمنی بھی شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/2v1NB
تصویر: Reuters/G. Garanich

جرمن وزارت خارجہ کی جانب سے آج پیر کو چار روسی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔ ایک بیان میں کہا گیا سابق روسی جاسوس سیرگئی سکرپل اور ان کی بیٹی پر زہریلے گیس کے حملے کی گھتی سلجھانے میں روس تفتیشی عمل میں تعاون نہیں کر رہا اور اسی وجہ سے برلن حکومت نے لندن کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

یورپی کونسل کے سربراہ ڈونلڈ ٹسک کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے مشترکہ لائحہ عمل طے کرتے ہوئے آئندہ دنوں میں مزید روسی سفارت کاروں کے بے دخل کیا جا سکتا ہے۔ برطانیہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جن ممالک نے یہ اقدامات اٹھائے ہیں، ان میں پولینڈ، فرانس، ہالینڈ، اٹلی، ڈنمارک، سویڈن، ایسٹونیا، لیٹویا، فن لینڈ، رومانیہ، چیک ریپبلک اور لتھوانیا بھی شامل ہیں۔

Doppelagent Sergei Skripal und Tochter
سکرپل اور ان کی بیٹی چار مارچ کو جنوبی انگلینڈ کے شہر سیلسبری میں بے ہوشی کی حالت میں ملے تھےتصویر: picture-alliance/Globallookpress

دوسری جانب روسی سفارت کاروں کو بے دخل کرنے والوں میں یوکرائن اور کینیڈا بھی شامل ہیں۔ ساتھ ہی امریکا نے سیاٹل میں روسی قونصل خانے کو بند کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ساٹھ سفارت کاروں کو ملک سے نکل جانے کے احکامات دیے ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینیئر اہلکار کے مطابق ساٹھ روسی جاسوس سفارت کاروں کا روپ دھار کر امریکا میں موجود تھے اور ان میں کچھ اقوام متحدہ میں بھی کام کر رہے تھے۔ اس اہلکار نے مزید بتایا کہ اس طرح ماسکو حکام کو یہ پیغام دینا ہے کہ امریکا میں ’نا قابل یقین حد تک‘  تعداد میں جاسوسوں کی موجودگی برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

اتحادی ممالک نے روس کو ذمہ دار قرار دے دیا

روس دوہرے جاسوس پر حملے میں ملوث نہیں

روس نے تیئس برطانوی سفارت کاروں کو بے دخل کرتے ہوئے سینٹ پیٹرز برگ میں برطانوی قونصل خانے کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ اسی کے علاوہ امریکی ڈپلومیٹک مشن کے بھی ساٹھ ملازمین کو جلد ہی روس بدر کر دیا جائے گا۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق، ’’ اس کا جواب بالکل متوازن انداز میں دیا جائے گا۔ اس پر ابھی کام ہو رہا ہے اور اگلے دنوں ہر ملک کو اس کے حساب سے جواب دیا جائے گا‘‘۔

چھیاسٹھ سالہ سابق روسی جاسوس سیر گئی سکرپل اور ان کی  33 سالہ بیٹی چار مارچ کو جنوبی انگلینڈ کے شہر سیلسبری میں بے ہوشی کی حالت میں ملے تھے۔ لندن کا الزام ہے کہ ان دونوں پر زہریلی گیس کے حملے میں روس ملوث ہے۔ ان دونوں کی حالت بدستور نازک ہے۔ روس ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔