1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مائیکل جیکسن کو ’’ویکو جیکو‘‘ کس نے بنایا؟

29 جون 2009

مائیکل جیکسن کو ’’ویکو جیکو‘‘ یا ایک خاص معنی میں دیوانہ اُس کی اُن مختلف اداؤں کے باعث کہا جاتا ہے، جو باقی دُنیا سے بالکل ہَٹ کر تھیں۔

https://p.dw.com/p/IdJX
مائیکل جیکسن کا مجسمہتصویر: AP

اپنے پرستاروں کے لئے بالکونی سے اپنے بچے کو نیچے لٹکا کر دکھانے کا واقعہ ہو، آکسیجن کے تابوت میں لیٹ کر سونے کا قصہ ہو یا پھر بندروں کے ساتھ دوستانہ ماحول میں لطف اندوز ہونے کی کہانیاں، لوگ دُنیا بھر میں اُس کے بارے میں انوکھی باتیں سننے کے لئے بے چین رہتے تھے۔

پاپ کلچر کے ماہر رابرٹ تھامپسن کےمطابق مائیکل جیکسن کو ہمیشہ ہی یہ احساس رہا کہ وہ ایک بہت مشہور شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ دولتمند بھی ہے اور اُسے حقیقی دنیا سے ہَٹ کر ایک تخیلاتی دنیا میں رہنے اور اپنی تمام خواہشات کو پورا کرنے کا حق حاصل ہے۔

وہ کہتے ہیں، "ویکو جیکو" کے بارے میں اکثر اوقات جو کہانیاں میڈیا میں مقبول ہوئی تھیں، ان میں کچھ مبالغہ آرائی پر بھی مبنی تھیں۔ کچھ کہانیاں تو اس کے ساتھی گلوکار وں یا اداکاروں بلکہ اُس نے خود بھی اپنی مقبولیت کے لئے گھڑی تھیں۔

1986ء میں مائیکل جیکسن کے بارے میں آکسیجن کے تابوت میں سونے اور نت نئی قسم کے آپریشن کروانے کی کہانیاں سراغرساں ذرائع سے میڈیا کے سامنے آتی رہیں۔ زیادہ تر واقعات محض افواہوں پر مبنی تھے تاہم مایئکل جیکسن کی شخصیت کے ساتھ منسلک ہونے کی بناء پر یہ واقعات میڈیا کی بھوک مٹاتے رہے۔

Bildergalerie Michael Jackson
مائیکل جیکسن کی ایک فائل فوٹوتصویر: picture-alliance/ dpa

مائیکل جیکسن نے 1988ء میں اپنی آپ بیتی "مون واک" میں اعتراف کیا کہ اُس نے اپنے کئی آپریشن کروائے ہیں۔ اُس زمانے میں اُس کی جلد کا رنگ تیزی سے ہلکا ہوتا جا رہا تھا۔ اِس حوالے سے بھی کئی افواہیں گردش کرتی رہی تھیں۔ تاہم مائیکل جیکسن نے لکھا کہ اس کی جلد کا رنگ ایک بیماری کے باعث تبدیل ہو رہا تھا، جس کے باعث اُسے کئی آپریشن کروانا پڑے۔

اُسی سال مائیکل جیکسن نے کیلیفورنیا میں ایک بہت بڑی جائیداد خریدی، جو بعد میں "نیورلینڈ" کے نام سے مشہور ہوئی۔ اس پارک میں بچوں کے لئے ویڈیو گیمز، مشہور شخصیات کے مجسمے، ایک منی ٹرین، ایک چڑیا گھر اور جدید جھولے لگائے گئے تھے۔

"نیورلینڈ" کا ایک اور پہلو مائیکل جیکسن کے ساتھ جڑا ہے اور وہ ہے، بچوں کے جنسی استحصال کے حوالے سے مائیکل پر لگنے والے الزامات۔ یہ پہلو مائیکل کی زندگی میں ایک آسیب کی طرح چمٹا رہا اور اس کے نتیجے میں مائیکل جیکسن کو نہ صرف قانونی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا بلکہ ساتھ ساتھ سخت ذہنی اذیت بھی اٹھانا پڑی۔ جون 2005ء میں عدالت نے مائیکل جیکسن کو اس الزام سے بری کر دیا۔ مرنے سے بہت پہلے مائیکل جیکسن نے میڈیا اور باقی دنیا سے مکمل کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔


رپورٹ : عروج رضا

ادارت : امجد علی