1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مئی ڈے: عالمگیریت کے خلاف پرتشّدد مظاہرے

خبر رساں ادارے/اے ایف پی/روئیٹرز/گوہر نذیر گیلانی2 مئی 2009

موجودہ کساد بازاری سے متاثرہ ملکوں میں مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر لاکھوں افراد نے عالمگیریت کے خلاف مظاہروں، جلسوں اور ریلیوں میں حصّہ لیا۔

https://p.dw.com/p/HiM5
جرمن دارالحکومت برلن میں ہزاروں افراد نے عالمگیریت کے خلاف مظاہرے کئے، مشتعل مظاہرین نے سرکاری املاک کو نقصان بھی پہنچایاتصویر: AP

جرمن دارالحکومت برلن اور ترکی کے دو بڑے شہروں، انقرہ اور استنبول سمیت دنیا کے کئی دیگر بڑے شہروں میں مظاہرے پرتشّدد رنگ اختیار کرگئے، جس کے نتیجے میں سینکڑوں مظاہرین کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

برلن میں پولیس نے پچاس کے قریب مشتعل نوجوان مظاہرین کو گرفتار کیا جبکہ جرمن شہر ڈَورٹ مُنڈ میں دائیں بازو کی طرف جھکاوٴ رکھنے والے شدت پسند عناصر نے ایک ریلی میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی، جس کے بعد تقریباً ڈیڑھ سو افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

1. Mai in Frankreich Paris
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بھی مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر بڑے پیمانے پر ریلیوں اور احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیاتصویر: picture-alliance/ dpa

یکم مئی کے موقع پر جرمنی میں تقریباً چار سو جلسے اور جلوسوں کا انعقاد کیا گیا تھا، جن میں محتاط اندازوں کے مطابق کم از کم پانچ لاکھ افراد شریک ہوئے۔ برلن میں نوجوان مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر شیشے کی بوتلیں اور پتھر پھینکے اور کوڑے کرکٹ کے کنٹینرز کو آگ لگا دی۔

پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم کے واقعات ترکی اور یونان میں بھی پیش آئے۔

Maikrawalle in Berlin Polizisten im Einsatz gegen Demonstranten
برلن میں پولیس کوڈا کرکٹ کنٹینرز میں لگی آگ کو بھجانے کی کوششوں میں مصروفتصویر: AP

ترک شہر استنبول میں سیکیورٹی فورسز کو پتھر پھینکنے والے سینکڑوں مظاہرین کے خلاف آنسو گیس کے گولے استعمال کرنا پڑے۔ ان مظاہرین نے کئی دکانوں کے شیشے توڑنے کے علاوہ پرائیویٹ بینکوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔ ترک پولیس نے مظاہروں میں شریک کم از کم ایک سو مشتعل افراد کو حراست میں لے لیا۔

جرمنی اور ترکی کے علاوہ فرانس، آسٹریا اور یونان میں بھی یکم مئی کے حوالے سے ریلیاں نکالی گئیں۔

آسٹریا کے شہر لنز میں بھی عالمگیریت کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے۔

سوئیٹزرلینڈ کےشہر زورچ میں پولیس نے بتایا کہ اسے ریلیوں میں شریک کم از کم اسی افراد کو حراست میں لینا پڑا۔ پولیس کے مطابق بعض مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراوٴ کیا۔

میکسیکو سٹی میں ’’سوائن فلو وائرس‘‘ کے پھیلنے کے خطرے کے باوجود تقریباً دو سو افراد نے ایک مارچ میں حصّہ لیا اور وہ وفاقی حکومت کے محل کی طرف پیش قدمی کرنا چاہتے تھے۔

1. Mai in Frankreich Paris
فرانس میں ایک اور بڑے مظاہرے کی جھلکتصویر: AP

ہر سال یکم مئی کو مزدوروں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر بڑے پیمانے پر ریلیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے تاہم اس مرتبہ مظاہرین زیادہ مشتعل نظر آئے۔ ٹوکیو، ماسکو اور دیگر بڑے شہروں میں بھی مظاہرے ہوئے تاہم یہ مجموعی طور پر پرامن تھے۔

تقریباً ایک سو سال سے عالمی سطح پر مزدوروں اور ٹریڈ یونینز کی طرف سے یکم مئی کو مزدورں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس بار اِس موقع پر منعقدہ سرگرمیوں پر موجودہ عالمی اقتصادی بحران کے اثرات غالب نظر آئے۔

یکم مئی کو روایتی طور پر اشتراکیت کی طرف جھکاؤ والی ریاستوں میں زیادہ تقریبات اور مظاہروں کا انعقاد ہوتا ہے۔

یہاں جرمنی میں یکم مئی کو قانونی طور پر چھٹی کے دن کی حیثیت حاصل ہے اور اس روز کام کرنے والوں کو دگنی اجرت دی جاتی ہے۔