1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مؤنشن گلاڈ باخ نے پہلی پوزیشن کھو دی

29 اگست 2011

جرمن قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے چوتھے میچ ڈے کے اختتام پر مؤنشن گلاڈ باخ پوائنٹس ٹیبل پر نہ صرف اپنی کھوئی ہوئی پہلی پوزیشن کے حصول میں ناکام رہی ہے بلکہ پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/12P95
تصویر: picture alliance/dpa

اس میچ ڈے کے آغاز پر مؤنشن گلاڈ باخ پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست ٹیم تھی۔ تاہم میچ ڈے کے دوسرے روز بائرن میونخ نے اسے نیچے دھکیلتے ہوئے یہ پوزیشن لے لی تھی۔ ہفتہ کو یہ ٹیم پہلے سے تیسرے نمبر پر پہنچ گئی تھی۔ پھر بھی اتوار کو شالکے کے خلاف میچ میں جیت کے ذریعے مؤنشن گلاڈ باخ کو پہلی پوزیشن دوبارہ حاصل کرنے کا واضح موقع حاصل تھا، جس کا وہ فائدہ نہیں اٹھا سکی۔

اس میچ میں مؤنشن گلاڈ باخ کو شالکے کے ہاتھوں صفر ایک سے شکست ہوئی، جس کے بعد مؤنشن گلاڈ باخ تیسرے پوزیشن سے بھی نیچے پانچویں نمبر پر چلی گئی ہے۔

 اس کے ساتھ ہی بنڈس لیگا کا چوتھا میچ ڈے مکمل ہو گیا۔ اتوار کو اس میچ ڈے کے آخری روز ہینوور اور مائنز کے درمیان بھی میچ ہوا، جو ایک ایک گول سے برابر رہا۔

Flash-Galerie Bundesliga Schalke - Mönchengladbach
مؤنشن گلاڈ باخ کی ٹیم پہلی پوزیشن سے ہاتھ دھو بیٹھی ہےتصویر: dapd

اس میچ ڈے کے دوسرے روز بائرن میونخ نے کائزرزلاؤٹرن کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ بریمن نے ہوفن ہائم کو دو ایک سے شکست دی۔ فرائی برگ نے وولفس برگ کو تین صفر سے مات دی۔ نیورمبرگ نے آؤگسبرگ کو ایک صفر سے ہرایا۔ دفاعی چیمپیئن ڈورٹمنڈ اور لیورکوزن کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے ڈرا ہو گیا۔ کولون کو اس سیزن کی پہلی فتح ملی۔ اس نے ہیمبرگ کو تین کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا۔

چوتھے میچ ڈے کا آغاز جمعہ کو ہوا۔ اس لیگ کے درجہ اوّل میں پہنچنے والی برلن کی ٹیم ہیرتھا نے پہلے روز شٹٹ گارٹ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرایا۔

پوائنٹس ٹیبل پر بائرن میونخ، شالکے اور بریمن بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ ان تینوں ٹیموں کو نو نو پوائنٹس حاصل ہیں، تاہم ان کی پوزیشنوں کا فیصلہ گول اوسط کی بنیاد پر ہوا ہے۔ ہینوور آٹھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ مؤنشن گلاڈ باخ، ڈورٹمنڈ، مائنز اور لیور کوزن سات سات پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پانچویں، چھٹے، ساتویں اور آٹھویں نمبر پر ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں