1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیبیا میں فضائی اڈوں پر حملے، ’ریڈار تباہ‘

22 مارچ 2011

ایک طرف لیبیا میں معمر قذافی کی حامی فورسز اور باغیوں کے درمیان لڑائی جاری ہے تو دوسری جانب نوفلائی زون کو یقینی بنانے کے لیے اتحادی افواج کی کارروائیوں میں لیبیا کی فضائیہ کے دو اڈوں پر حملوں کی بھی اطلاع ہے۔

https://p.dw.com/p/10erZ
تصویر: dapd

الجزیرہ ٹیلی وژن کا کہنا ہے کہ اتحادی فورسز نے پیر کو قذافی کی فوج کے فضائی دفاع کے دو اڈوں پر ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ حملے بن غازی کے شمال میں واقع تنصیبات پر کیے گئے۔

تاہم خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتحادی افواج کے ذرائع نے ان حملوں کی تصدیق نہیں کی ہے۔ فرانس کی افواج کے ایک ترجمان نے کہا کہ پیر کی شب ان کے طیاروں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ دوسری جانب پیر کو رات گئے دارالحکومت طرابلس میں طیارہ شکن میزائل فائر کیے جانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

طرابلس میں معمر قذافی کے کمپاؤنڈ پر بھی بمباری کی گئی ہے۔ بحریہ کے ایک بیس پر بھی حملہ کیا گیا ۔ دوسری جانب باغیوں کا کہنا ہے کہ انہیں مصراتہ میں قذافی نواز فورسز کے شدید حملوں کا سامنا ہے۔ خبررساں ادارے اے ایف پی کا کہنا ہے کہ باغی مشرقی علاقے اجدابیا کا کنٹرول پھر سے حاصل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، جن میں انہیں ناکامی کا سامنا ہے۔

اُدھر امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ واشنگٹن حکومت آئندہ چند دِنوں میں لیبیا کے معاملے پر اپنا مرکزی کردار منتقل کر دے گی، جس کا مقصد معمر قذافی کے خلاف اقوام متحدہ کی قرارداد کے نفاذ کے لیے ذمہ داری کو بانٹنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے نیٹو تنظیم معاون کا کردار نبھائے گی۔

امریکی صدر نے لیبیا میں حکومت کی تبدیلی کے لیے واشنگٹن انتظامیہ کے مطالبے کا اعادہ بھی کیا۔ پیر کو چلی سے نشریاتی نیوز کانفرنس کے موقع پر انہوں نے کہا، ’قذافی کو جانا ہو گا، یہ امریکی پالیسی ہے۔ اس پالیسی کے لیے ہم عسکری کوششوں کے ساتھ متعدد طریقے استعمال کر رہے ہیں۔‘

دوسری جانب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے لیبیا پر مغربی فضائی حملوں پر غور کے لیے طرابلس حکومت کی جانب سے خصوصی اجلاس منعقد کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ تاہم سلامتی کونسل کی جانب سے نوفلائی زون کے نفاذ کے جائزے کے لیے ایک کانفرنس جمعرات کو منعقد کی جا رہی ہے۔

Kampfflugzeuge Libyen NO FLASH
پیر کی شب ہمارے طیاروں نے کوئی کارروائی نہیں کی، فرانسیسی فوجتصویر: AP

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں عرب لیگ نے لیبیا میں نوفلائی زون کا نفاذ یقینی بنانے کے لئے ایک مرتبہ پھر ’آپریشن اوڈیسی ڈان‘ کی حمایت کی ہے۔

برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے بھی لیبیا پر فوجی کارروائی میں لندن حکومت کی شمولیت کی حمایت کی ہے۔ برطانوی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں نے قرارداد کو بھاری اکثریت سے منظور کیا۔ قرارداد کی حمایت میں557 اراکین نے ووٹ ڈالا اور مخالفت میں صرف تیرہ اراکین نے۔ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو ان کی پارٹی کنزرویٹو کے علاوہ لبرل ڈیموکریٹس اور اپوزیشن لیبر پارٹی کی جانب سے بھی حمایت حاصل ہوئی۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں