1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیبیا: حکومت کی جانب سے نئے آئین کی تجویز

10 اپریل 2011

آج اتوار کے روز لیبیا میں معمر قذافی کے حکومتی اہلکاروں نے عندیہ دیا ہے کہ وہ ’لیبیا کے طرز کی جمہوریت‘ کے فروغ کے لیے ایک نئے آئین کی تیّاری پر کام کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/10qvY
تصویر: AP

بحران کا شکار معمر قذافی کی حکومت نے خانہ جنگی اور ملک میں افراتفری کے درمیان اپنی ’جمہوریت پسندی‘ کو دنیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک نیا آئین تشکیل دے رہے ہیں، جو لیبیا میں جمہوریت کو فروغ دے گا۔ حکومتی اہلکار تاہم یہ وضاحت نہیں کر پائے کہ اس نئے آئین یا نئے نظامِ حکومت میں معمر قذافی کا کیا کردار ہوگا۔

معمر قذافی کے خلاف برسرِ پیکار باغیوں کا موقف ہے کہ ان کی جنگ قذافی حکومت کے خلاف عوامی نفرت اور مظاہروں کے باعث ہے اور یہ کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مخالفین اور مظاہرین پر تشدّد کر رہے ہیں۔ تیل کی دولت سے مالا مال اس شمالی افریقی ملک میں قذافی کے مخالفین معاشی اور سیاسی اصلاحات کے ساتھ جلد از جلد آزاد اور شفّاف انتخابات کے انعقاد کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔ قذافی کئی عشروں سے لیبیا کے اقتدار پر بلا شراکتِ غیر قابض ہیں۔

Flash-Galerie Libyen Muammar al Gaddafi Fernsehansprache in Tripolis
نیا آئین قذافی کا کیا کردار طے کرے گا؟تصویر: dapd

واضح رہے کہ فی الوقت لیبیا کسی آئین کے بغیر ہی چل رہا ہے۔ حکومت انیس سو ستر میں قذافی کی تحریر کردہ ایک کتاب میں درج نظریاتی نکات سے رہنمائی حاصل کرتی ہے۔ تاہم اتوار کے روز حکومتی اہلکاروں نے طرابلس میں غیر ملکی صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایک واضح آئین کی تشکیل کی جانب اشارہ دیا ہے۔ نائب وزیرِ خارجہ خالد کلیم کا کہنا ہے کہ ان کو امید ہے کہ نیا آئین جلد منظور اور نافذ کردیا جائےگا۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کچھ افراد سیاسی اصلاحات نہیں چاہتے ہیں اور ان کی اصل دلچسپی آئین کے بجائے دولت اور طاقت سے ہے۔

آئینی کمیٹی کے ایک رکن سے جب سوال کیا گیا کہ کیا نئے آئین کی نوعیت صدارتی ہوگی یا پارلیمانی تو ان کا جواب تھا کہ یہ ’لیبیائی‘ طرز کا آئین ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین قوموں کے گرد بنتے ہیں نہ کہ افراد کے گرد، اور لیبیا کے عوام کی اکثریت یہ چاہتی ہے کہ قذافی اقتدار میں رہیں لہٰذا ان کا آئینی کردار بھی طے پا سکتا ہے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں