1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لنزی لوہن کی سات سالہ شامی بلاگر اور ترک صدر سے ملاقات

عابد حسین
28 جنوری 2017

امریکی اداکارہ لنزی لوہن نے ترکی پہنچ کر صدر رجب طیب ایردوآن سے ملاقات کی ہے۔ اس دورے کے دوران وہ سات سالہ شامی بلاگر لڑکی بَنا العبد سے بھی ملیں۔

https://p.dw.com/p/2WZXg
Lindsay Lohan mit Tayyip Erdogan Emine Erdogan und Bana Al-Abed
تصویر: picture-alliance/AP Photo/Y. Bulbul

ترک صدر کی ویب سائٹ کے مطابق لنزی لوہن نے ترکی پہنچنے کے بعد صدر رجب طیب ایردوآن کے علاوہ سات سالہ شامی لڑکی بَنا العبد سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر بنائی گئی تصویر میں لوہن اور سات سالہ شامی بلاگر بَنا العبد کے ساتھ کھڑی ہیں اور ان کے ہمراہ صدر رجب طیب ایردوآن اور اُن کی اہلیہ بھی موجود ہیں۔

بَنا العبد کی مختصر ویڈیو کے حوالے سے لنزی لوہن کا کہنا تھا کہ وہ یہ ویڈیو سارے شام میں پھیلانے کے ساتھ تمام مہاجرین تک پہنچانے کی کوشش کریں گی۔ امریکی اداکارہ نے العبد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی حمایت میں ایک بہت بڑی دنیا ہے اور وہ کسی بھی وقت اپنا حوصلہ کم نہ کرے۔

ترک صدر کے ساتھ ملاقات میں امریکی اداکارہ نے رجب طیب ایردوآن اور اُن کی اہلیہ کو آسمانی نیلے رنگ کے وہ بیج بھی لگائے، جن پر ترک لیڈر کا مشہور جملہ ’دنیا پانچ سے بڑی ہے‘ درج ہے۔ پانچ سے مراد اقوام متحدہ کے پانچ مستقل اراکین یعنی روس، چین، امریکا، برطانیہ اور فرانس ہیں۔

Lindsay Lohan besucht die Türkei
امریکی اداکارہ نے رجب طیب ایردوآن اور اُن کی اہلیہ کو آسمانی نیلے رنگ کے وہ بیج بھی لگائے، جن پر ترک لیڈر کا مشہور جملہ ’دنیا پانچ سے بڑی ہے‘ درج ہے۔تصویر: picture-alliance/AP Photo

 سات برس کی لڑکی بَنا العبد کو گزشتہ برس دسمبر میں شام کے شہر حلب سے بچا کر نکالا گیا تھا۔ ترکی پہنچنے کے بعد العبد اور اُس کے خاندان کو ترک صدر نے اپنے صدارتی محل میں دعوت دے کر تواضع کی تھی۔

امریکی اداکارہ لوہن نے اپنا فلمی کیریئر ایک چائلڈ اسٹار کے طور پر شروع کیا تھا۔ جوانی میں اُنہیں منشیات اور الکوحل کی لت میں مبتلا ہونے کے گھمبیر مسائل کا بھی سامنا رہا۔ سن 2013 میں انہیں عدالت کی جانب سے 240 گھنٹے کمیونٹی سروس کا حکم دیا گیا تھا۔ لوہن کی حجاب پہنے ہوئی تصاویر کے تناظر میں ایسی قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ امریکی اداکارہ نے نے شاید اسلام قبول کر لیا ہے۔ ترک صدر کے ساتھ ملاقات میں وہ بغیر حجاب کے تھیں۔