1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لندن میں 'دو پہیے' یعنی سائیکل کا انقلاب لانے کا منصوبہ

30 جولائی 2010

تیزی سے وسعت پذیر اور گنجان آباد برطانوی شہرلندن کرائے پرسائیکل دینے کے منصوبے کے ذریعے شہر میں دو پہیہ انقلاب لانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

https://p.dw.com/p/OYN6
تصویر: picture-alliance/ dpa

اس اسکیم کا آغاز جمعہ 30 جولائی سے ہو گیا ہے۔ اس کا مقصد 2012 ء میں لندن میں منعقد ہونے والے اولمپیائی کھیلوں تک شہر میں سائیکل اور موٹر سائیکل سواری کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا ہے۔

لندن شہر کے باقاعدگی سے سفر کرنے والے شہری اور باہر سے آنے والے سیاح اس شہر کی بھری سڑکوں پر بھیڑ اورآمدو رفت کے عوامی ذرائعے کی غیر مطمئن صورتحال کی وجہ سے کافی پریشان رہتے ہیں۔ ایسے میں سفر کا یہ ’دو پہیہ‘ متبادل ذریعہ ان کی بہت سی مشکلات کا حل ہوسکتا ہے جس کی مثالیں دنیا کے دوسرے بڑے شہروں مثلا پیرس اور شنگھائی میں ملتی ہیں۔

Fahrräder in Amsterdam
جرمنی سمیت یورپ کے اکثر ملکوں میں سائیکل سواری بہت مقبول ہے۔تصویر: AP

اس اسکیم کے تحت خواہش مند افراد مرکزی لندن کے مختلف علاقوں میں ان کے لئے آمادہ کئے گئے چار سو اسٹیشنز سے چھ ہزار سائیکلز کافی کم کرائے پر لے کر استعمال کر سکتے ہیں۔

لیکن جیسا کہ دوسرے بڑے شہروں میں دیکھنے میں آیا ہے اس منصوبے سے چوری اور لوٹ مار کرنے والے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس کی ایک اچھی مثال پیرس شہر ہے جہاں اس اسکیم کے شروع ہونے کے صرف دو سال بعد ہی کئی جگہوں پر پورے پورے اسٹیشن نئے سرے سے بنوانے پڑے۔

لندن کے میئر بورس جونسن نے، جو خود بھی سائیکل چلانے کے شوقین ہیں، یہ اسکیم متعارف کروائی ہے وہ اس بارے میں کہتے ہیں کہ یہ اسکیم اس پروگرام کا ایک حصہ جس کے تحت شہر کو سرسبز بنانا ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ 2012ء کے موسم گرما کے المپیائی کھیلوں کے لئے تیاریوں میں ہمارا ایک ہدف شہر کو صاف ستھرا اور سرسبز اور محفوظ بنانا ہے ۔

2012 ء میں لندن میں منعقد ہونے والے موسم گرما کے اولمپیائی کھیلوں کے منتظمین چاہتے ہیں کہ ان کھیلوں میں شرکت کے لئے آنے والے افراد پبلک ٹرانسپورٹ سائیکل سواری اور ٹرینوں کا استعمال کرکے شہر کو اچھا نظر آنے میں مدد دیں۔

سائیکل سواری کی یہ نئی اسکیم لندن جیسے پرہجوم شہر میں مکڑی کے جال کی طرح پھیلا ہوا نیٹ ورک ہوگا جو کہ سوپر ہائی ویز سے سائیکل سواروں کو محفوظ طریقے سے شہر کے مرکزی حصے سے باہر جانے میں مدد دے گا۔

Stromausfall in London
لندن میں ٹریفک اور گاڑیوں کا رش ایک اہم مسئلہ بنتا جارہا ہےتصویر: AP

اس اسکیم کے لئے اب تک دس ہزار افراد اپنے ناموں کا اندراج کر واچکےہیں۔ لندن کے میئر کے مشیر ’کلویررینگر‘ نے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ اسکیم بہت کامیاب ہوتی نظر آرہی ہے۔ خواہش مند افراد سائیکلز کو روزانہ ہفتہ وار یا ماہانہ بنیادوں پرترتیب وار ایک پانچ اور پنتالیس پاونڈ کے بدلے میں بُک کرسکتے ہیں اور پھر ہر سفر کا پہلا آدھا گھنٹہ ان کے لئے مفت ہوگا۔ اس کے بعد وقت کے حساب سے ان پر کرایا چڑھے گا۔ اور انہیں کچھ رقم بھی امانت کے طور پر جمع کرانا ہوگی۔

لندن میں سائیکلنگ کے متعلق ہونے والے ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ لندن کے شہریوں کی ایک تہائی تعداد سائیکل کرائے پر لینے کی اس نئی سکیم سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گی۔

رپورٹ: برخنا صابر

کشور:کشور مصطفٰی