1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاہور میں احتجاجی مظاہرہ آج ہر قیمت پر ہو گا، منظور پشتین

22 اپریل 2018

پاکستان کے شہر لاہور میں پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماؤں نے مقامی حکومت کی جانب سے جلسے پر پابندی کو رد کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر احتجاجی ریلی کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2wSzC
Manzoor Pashteen
تصویر: picture-alliance/ZumaPress

پشتون تحفظ تحریک نے پاکستان بھر میں ماورائے عدالت قتل، لاپتہ افراد کی بازیابی اور پولیس اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے پشتون افراد کی مبینہ تذلیل کے خلاف مہم چلا رکھی ہے۔ یوں تو اس تحریک کا مرکز پاکستان کا صوبہ خیبر پختونخوا ہے لیکن پاکستان کے دیگر صوبوں میں بھی جہاں جہاں پشتون آبادی موجود ہے، اسے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

پاکستانی میڈیا کی جانب سے اس تحریک کے جلسوں کو کوریج نہ دینے کے باوجود پشتون تحفظ موومنٹ ہزاروں افراد کو اپنے پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ہفتہ اکیس اپریل کی رات پی ٹی ایم کے رہنماؤں سمیت عوامی ورکرز تحریک کے بعض نمائندگان کو گرفتار بھی کیا گیا۔ علاوہ ازیں تحریک کے کچھ سرگرم طلبا کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔

ایک مقامی پولیس افسر نے ان گرفتاریوں کی تصدیق کی تاہم ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ حراست میں لیے گئے تمام افراد کو رہا کر دیا گیا ہے۔

تحریک کے رہنماؤں کے خلاف اس کریک ڈاؤن سے سوشل میڈیا پر غم و غصہ دیکھنے میں آیا اور ہیش ٹیگ ریلیز ’پی ٹی ایم ورکرز‘ اور ہیش ٹیگ ’شیم آن پنجاب پولیس‘ ٹرینڈ کرنے لگے۔

Pakistan Sadiq Zharak in Quetta
پی ٹی ایم کراچی میں جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان نقیب اللہ محسود کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت کے بعد معرضِ وجود میں آئی تھیتصویر: shal.afghan

اس مجوزہ ریلی میں شرکت کے لیے ملک بھر سے پی ٹی ایم کے سپورٹرز پہلے ہی سے لاہور پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔

تحریک کے رہنما منظور پشتین نے انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر جلسے کے لیے مطلوبہ جگہ دینے سے انکار کے باوجود احتجاج جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ منظور پشتین نے آج اتوار 22 اپریل کو اپنے ایک پیغام میں کہا، ’’ہم خاموش نہیں رہیں گے، ہم ہر قیمت پر احتجاج جاری رکھیں گے۔‘‘

پشتون تحفظ موومنٹ یا پی ٹی ایم رواں برس فروری میں کراچی میں جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان نقیب اللہ محسود کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت کے بعد معرضِ وجود میں آئی تھی۔

حال ہی میں ڈی ڈبلیو سے خصوصی بات چیت میں پی ٹی ایم کے روح رواں منظور پشتین نے کہا تھا کہ اُن کی تحریک پشتونوں کے حقوق کے دفاع کے لیے ہے اور تمام مطالبات پاکستان کے آئین کے مطابق ہیں۔

ص ح/ اے ایف پی