1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’لابوبو‘ ہزاروں کی جان بچا سکتا ہے

کشور مصطفیٰ6 جولائی 2015

کمبوڈیا میں ایک کھلونا نما پورٹیبل سنک متعارف کروایا گیا ہے جس کا مقصد ہاتھ دھونے کے عمل کی ترغیب دلانا اور اسہال جیسی مہلک بیماریوں کے خلاف جنگ کرنا ہے۔

https://p.dw.com/p/1FtZf
تصویر: DW/S. Schlindwein

رنگ برنگے میڈکوں اور ایک کھلتے ہوئے سبز لوگو سے سجا ہوا چھوٹا سا پلاسٹک باکس ’لابوبو‘ دیکھنے میں ایک کھلونا نظر آتا ہے تاہم یہ ہزاروں انسانوں کو اسہال اور دیگر مہلک بیماریوں سے بچا سکتا ہے۔

اس پورٹیبل پلاسٹک سنک کا مقصد انسانوں کو ہاتھ دھونے کی طرف زیادہ سے زیادہ راغب کرنا ہے تاکہ وہ اُن متعدد مہلک بیماریوں سے بچ سکیں جن کا سبب حفظان صحت کی خراب صورتحال اور صفائی کی کمی بنتی ہے۔ خاص طور سے ٹائلٹ کے استعمال کے بعد اور کھانا بنانے سے پہلے ہاتھ دھونا بہت ضروری ہوتا ہے اگر ان دو باتوں کا خیال رکھا جائے تو گوناگوں بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔

دنیا کے غریب ممالک کا المیہ

ترقی پذیر، پسماندہ اور غریب ممالک میں گندگی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے اموات کی شرح ترقی یافتہ ممالک سے کہیں زیادہ ہے۔ ستم یہ کہ ان اموات کی وجوہات وہ بیماریاں بنتی ہیں جن سے با آسانی بچا جا سکتا ہے۔ جنوب مشرقی ایشیا میں پانی اور حفظان صحت کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے سرگرم ایک چیریٹی WaterSHED کے ریجنل پروگرام مینیجر گیوف ریول کہتے ہیں،’’ ہاتھ دھونے سے صحت کی صورتحال کو بہت بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ یہ بہت سے سنگین مسائل کا سستا اور موثر ترین حل ہے‘‘۔

Bildergalerie Wasser in Angola
زیادہ تر بیماریوں کی وجہ پانی سے پھیلنے والے جراثیم اور گندگی بنتی ہےتصویر: DW/C. Vieira

کمبوڈیا جنوب مشرقی ایشیا میں حفظان صحت کی میسر سہولیات کے ضمن میں کی جانے والی رینکنگ میں سب سے نیچے آتا ہے۔ عالمی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق اس خطے میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کی اموات کی شرح کے اعتبار سے میانمار کے بعد کمبوڈیا دوسرے نمبر پر آتا ہے۔ کمبوڈیا میں زندہ پیدا ہونے والے ہرایک ہزار بچوں میں سے 38 موت کے مُنہ میں چلے جاتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے مطابق پابندی سے ہاتھ دھوتے رہنے کا عمل دنیا بھر میں اسہال کے کیسس میں قریب نصف کی کمی کا سبب بن سکتا ہے۔ اس عالمی ادارے کے اعداد کو شمار سے پتہ چلا ہے کہ دنیا بھر میں اسہال ہر سال قریب آٹھ لاکھ بچوں کی ہلاکت کا سبب بنتا ہے۔

لابوبو کی ایجاد

فرانسیسی زبان میں ’لوابو‘ سنک کو کہتے ہیں۔ اسی سے لفظ لابوبو نکلا ہے جس سے مراد ایک کھیل ہے۔ کھلونے نما یہ پورٹیبل سنک کا فی یونٹ 15 ڈالر کا ہے اور یہ ہلکے دھار سے نلکے کے ذریع 15 لیٹر تک پانی فراہم کرتا ہے۔ اسے باآسانی اتنی اونچائی پر رکھا جا سکتا ہے کے بچے نل تک پہنچ سکتے ہیں۔ یہ دراصل چیریٹی WaterSHED کا برین چائلڈ ہے یا منصوبے کا نتیجہ ہے۔ تحفظ ماحولیات کے لیے سرگرم اس چیریٹی کا شمار اُن خیراتی اداروں میں ہوتا ہے جن کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور جو بالٹیوں اور لیٹرین فراہم کرنے کی بجائے ایسی پُر کشش مصنوعات کی فروخت پر توجہ مرکوز کر رہی ہیں جو صارفین کو حفظان صحت کے مسائل سے آسان طریقے سے نمٹنے کے قابل بنا دے۔

Thema Epidemie in Guinea-Bissau
دنیا بھر میں اسہال ہر سال قریب آٹھ لاکھ بچوں کی ہلاکت کا سبب بنتا ہےتصویر: DW

لابوبو ویتنام میں میکونگ ڈلٹا کے رہنے والی ایک ویتنامی فیملی کی مدد سے ڈیزائن کیا گیا۔ اس ملک میں WaterSHED نے دس ہزار ایسے یونٹس ایک سال کے اندر فروخت کیے ہیں۔

آگاہی کی مہموں کے باوجود ہاتھ دھونا اب بھی کمبوڈیا میں ایک بڑا چیلنج ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق اس غریب ملک کی 60 فیصد دیہی آبادی اب بھی کُھلے میدانوں میں اپنی حاجت روائی کرتی ہے جبکہ محض 44 فیصد ہاتھوں کو صابن اور پانی سے دھونے کے متحمل ہیں۔