قزاقستان: بس میں آگ لگنے سے ازبکستان کے 52 شہری ہلاک
18 جنوری 2018قزاقستان کی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آگ لگنے کے بعد اس بس میں سوار محض پانچ افراد بچ نکلنے میں کامیاب ہو سکے۔ وزارت داخلہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ اس بس میں ہمسایہ ریاست ازبکستان کے شہری سفر کر رہے تھے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں بس کے دو ڈرائیور بھی شامل ہیں۔
خبر رساں اداروں کے مطابق یہ بس قزاقستان کے شمال مغربی علاقے اکتاؤ میں سفر کر رہی تھی۔ یہ علاقہ روسی شہر سمارا کو قزاقستان کے جنوبی شہر شِمکینٹ سے ملاتا ہے جو ازبکستان کی سرحد کے قریب واقع ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ بس کس سمت میں جا رہی تھی تاہم اس راستے پر زیادہ تر ایسے اُزبک مہاجر محنت کش سفر کرتے ہیں جو روس میں تعمیرات کے شعبے میں مزدوری کرتے ہیں۔
قزاقستان کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ جلتی ہوئی بس سے محض پانچ مسافر باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ملکی وزارت داخلہ کے مطابق بظاہر یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق دن کے 10:30 بجے پیش آیا۔ عالمی وقت کے مطابق یہ صبح 4:30 کا وقت بنتا ہے۔ وزارت داخلہ کے بیان میں اس حادثے کی وجوہات کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔