1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قرض دہندگان ’دہشت گردی‘ کر رہے ہیں، یونانی وزیر خزانہ

عاطف توقیر4 جولائی 2015

یونانی وزیر خزانہ یانِس واروفاکِس نےکہا ہےکہ ایتھنز کو قرضے دینے والے تینوں ادارے یونان کے ساتھ جو کچھ کر رہے ہیں، اسے ’دہشت گردی‘ کا نام دیا جا سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/1FscR
تصویر: Reuters/Y. Herman

یونانی وزیر خزانہ نے یہ بات ہسپانوی اخبار ’ایل مونڈو‘ کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں کہی، جو آج ہفتے کے روز شائع ہوا۔ یہ بات اہم ہے کہ کل اتوار کو یونان میں ایک ریفرنڈم ہو رہا ہے، جس میں عوام سے پوچھا گیا ہے کہ یونان کو قرض دینے والے اداروں کی جانب سے سخت بچتی اصلاحات کے مطالبات کو تسلیم کیا جانا چاہیے یا نہیں۔ یونانی وزیر اعظم الیکسِس سِپراس عوام سے اپیل کر چکے ہیں کہ وہ اصلاحات کے ان مطالبات کو مسترد کر دیں۔

ہسپانوی اخبار میں شائع ہونے والے اپنے انٹرویو میں واروفاکِس نے کہا، ’’جو کچھ برسلز اور قرض دہندگان اپنے حق میں ووٹ حاصل کرنے کے لیے کر رہے ہیں، اس کا مقصد یہ ہے کہ وہ یونانیوں کی عزت نفس کو مجروح کر سکیں۔‘‘

دوسری جانب آسٹریا کے وزیر خزانہ ہنس ژورگ شیلنگ نے کہا ہے کہ یونان کا یورو زون سے اخراج یورپ کے لیے بہت معمولی پریشانی کا باعث ہو گا، تاہم اس کی وجہ سے خود یونان کو ڈرامائی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Bildergalerie Griechenland Demo
ریفرنڈم کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیںتصویر: Milos Bicanski/Getty Images

آسٹرین وزیر خزانہ نے یہ بات آج ہفتے کے روز آن لائن اخبار ’دی پریسے‘ میں شائع ہونے والے اپنے انٹرویو میں کہی۔ ان کے بقول، ’’یورپ کے لیے اس اقتصادی مسئلے سے نمٹنا مشکل نہیں ہو گا، مگر یونان کو یہ معاملہ ڈرامائی حد تک متاثر کرے گا۔‘‘

شیلنگ نے کہا کہ یورو زون سے اخراج پر یونان کو انسانی بنیادوں پر امداد کی ضرورت ہو گی مگر یونان میں غربت میں غیرمعمولی اضافے کے خدشات بھی بڑھا چڑھا کر پیش کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا، ’’یہاں پراپیگنڈے کی جنگ ہو رہی ہے۔ لوگ یہ سمجھ رہے ہیں کہ یورو زون سے اخراج پر تمام یونانی عوام سڑکوں پر رہنے پر مجبور ہو جائیں گے اور ان کی رسائی طبی نگہداشت کے شعبے تک نہیں رہے گی۔ یہ بات درست نہیں ہے۔‘‘

شیلنگ کا کہنا تھا کہ اتوار کے روز ریفرنڈم کے نتائج کچھ بھی ہوں، ایتھنز حکومت کو ہر دو صورتوں میں امدادی پروگرام کے لیے تازہ مذاکرات شروع کرنا ہوں گے۔

قبل ازیں جمعے کی شام ہزارہا یونانی باشندوں نے ایتھنز میں بچتی اصلاحات کے حق اور مخالفت میں مارچ کیا۔ کل ہونے والا ریفرنڈم یورپی یونین کے اس رکن ملک کے مستقبل کے حوالے سے کئی اہم فیصلے کر دے گا۔