1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیٹل دوسری مرتبہ ورلڈ چیمپیئن بننے کے لیے تیار

8 اکتوبر 2011

سیباستیان فیٹل نے جاپان گراں پری کے کوالیفائنگ مرحلے میں پول پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ ہفتے کو اس راؤنڈ میں وہ سب سے آگے رہے۔ جاپان گراں پری کے بعد ان کا دوسری مرتبہ ورلڈ چیمپیئن بننا یقینی قرار دیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/12oFH
تصویر: dapd

فارمولا وَن کے جرمن ڈرائیور جاپان گراں پری کی اتوار کو ہونے والی ریس پول پوزیشن سے شروع کریں گے۔ دوسری مرتبہ ورلڈ چیمپیئن بننے کے لیے انہیں صرف ایک پوائنٹ درکار ہے۔

جاپان گراں پری میں وہ دسویں نمبر پر بھی آئے، تب وہ یقینی طور پر ایک مرتبہ پھر ورلڈ چیمپیئن بن جائیں گے۔ اس طرح وہ مسلسل دو مرتبہ ورلڈ چیمپیئن بننے والے کم عمر ترین ڈرائیور کا اعزاز بھی پا لیں گے۔

فیٹل رواں برس چودہ میں سے نو ریسوں میں کامیاب رہے ہیں، اس لیے ان کے لیے ایک پوائنٹ کا حصول کچھ مشکل نہیں رہے گا۔ تاہم انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ ورلڈ چیمپیئن بننے کے لیے ایک پوائنٹ سوزوکا میں ہونے والی جاپان گراں جیت کر ہی پانا چاہتے ہیں۔

ریڈ بل کے چوبیس سالہ فیٹل نے قبل ازیں کہا تھا کہ وہ دوسری مرتبہ ورلڈ چیمپیئن کا اعزاز شایان شان انداز سے پانا چاہتے ہیں۔

گزشتہ دو سال سے جاپان گراں پری جیتنے والے فیٹل کا کہنا ہے کہ قابلیت اور بہتر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت ہو تو پھر اس کا بھرپور مزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کسی ڈرائیور میں پہلی تین پوزیشنوں میں سے کوئی ایک حاصل کرنے کی صلاحیت ہو تو اسے پوڈیم پر ہی کھڑے ہونا چاہیے۔

Flash-Galerie Formel 1 Große Preis von Spa
سیباستیان فیٹلتصویر: dapd

فیٹل نے کہا کہ دسویں نمبر پر آتے ہوئے انہیں ورلڈ چیمپیئن بننے کے لیے درکار ایک پوائنٹ تو مل جائے گا، لیکن اس طرح اس اعزاز کو پانے کا مزہ کرکرا ہو جائے گا۔

فیٹل دو مرتبہ ورلڈ چیمپیئن بننے والے تاریخ کے نویں ڈرائیور ہوں گے اور ایسا کرنے سے انہیں اس وقت صرف ایک شخص روک سکتا ہے اور وہ ہے میکلاراں کا جینسن بٹن۔

تاہم بٹن کے لیے بھی فیٹل کو روکنا آسان نہیں۔ اس مقصد کے لیے انہیں خود جاپانی گراں پری جیتنی ہو گی اور پھر یہ توقع کرنا ہو گی کہ فیٹل پہلی دس پوزیشنوں میں سے کوئی بھی حاصل نہ کر سکیں۔

 

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں