1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹبال میچوں کے لئے جدید گول لائن ٹیکنالوجی

افسر اعوان3 اپریل 2009

کرکٹ میں تو آپ سلو، سپر سلو موشن اور ایل بی ڈبلیو کا صحیح اندازہ لگانے کے لئے گیند کےممکنہ راستے یا ٹریجیکٹری کو معلوم کرنے کے لئے جدید کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے استعمال سے اچھی طرح آگاہ ہیں۔

https://p.dw.com/p/HNow
تصویر: dpa

درست فیصلے کے لئے اس ٹیکنالوجی سے ایمپائر باقاعدہ مدد بھی لیتے ہیں، لیکن فٹبال جسے دنیا کا سب سے مقبول ترین کھیل سمجھا جاتا ہے اس میں ابھی تک ریفری کسی بھی فیصلے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے مدد نہیں لیتے، اور اسی وجہ سے بعض اوقات ایسے فیصلے بھی ہوجاتے ہیں جو بعد میں نہ صرف غلط ثابت ہوتے ہیں بلکہ ان پر شدید تنقید بھی کی جاتی ہے۔ ایسے ہی کئی فیصلے گزشتہ فٹبال ورلڈ کپ جو کہ 2006 میں ہوا تھا سامنے آئے تھے۔ جن میں کئی مرتبہ ریفری کی طرف سے گول نہیں دیا گیا مگر جب اسے سلو موشن میں دکھایا گیا تو وہ گول تھا۔ اس طرح کے متنازعہ فیصلوں سے بچنے کے لئے فٹبال کی بین الاقوامی تنظیم انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن کو گزشتہ برس گول لائن ٹیکنالوجی کےا ستعمال کا پروپوزل پیش کیا گیا مگر اس وقت آئی ایف اے کے بورڈ نے اس تجویز کو رد کردیا۔ مگر ابھی حال ہی میں اس ٹیکنالوجی میں مزید بہتری کی وجہ سے بین الاقوامی میچوں میں اس ٹیکنالوجی کے استعمال پر غور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایک جرمن کمپنی کائروز ٹیکنالوجیز Cairos Technologies کا تیار کردہ یہ نظام چار حصوں یا اجزا پر مشتمل ہے،

میگنیٹک فیلڈ Magnetic Field ، سینسرز Sensors، ریسیور Receivers اور ریفری Referee

گول لائن ٹیکنالوجی کا پہلا حصہ میگنیٹک فیلڈ ہے۔یہ فٹبال گراؤنڈ میں پینلٹی ایریا اور گول لائن کے پیچھے بچھائی گئی بہت ہی باریک تاروں پر مشتمل ہوتا ہے۔ ان تاروں کے مختلف حصوں سے مختلف مقدار کا کرنٹ گزر رہا ہوتا ہے۔ جس سے ہرایک مقام پر مختلف قوت کا مقناطیسی میدان یا میگنیٹک فیلڈ پیدا ہوتا ہے۔

اس نظام کا دوسرا حصہ ان سینسرز پر مشتمل چپس پر مبنی ہوتا ہے جو میدان میں بچھائی گئی تاروں کے ارد گرد موجود مقنا طیسی میدان کی مقدار ناپنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ سینسرز والی یہ چپس فٹبال کے اندر مختلف جگہوں پر لگی ہوتی ہیں۔ اور تاروں کے ذریعے فٹبال کے مرکز میں فکس کئے گئے ٹرانسمیٹر سے منسلک ہوتی ہیں۔ یہ ٹرانسمیٹر سینسرز سے حاصل شدہ ڈیٹا کو ایک خاص طریقے سے کوڈ کرکے گول پوسٹ کے پیچھے لگے ریسیور انٹینا کو بھیجتے رہتے ہیں۔ سینسرز اور ریسور کو فٹبال کے اندر اس طرح نصب اور فکس کیا جاتا ہے کہ نہ تو اس سے فٹبال کے وزن میں اور نہ ہی اسکےتوازن میں کوئی فرق پڑتا ہے۔

گول لائن ٹیکنالوجی کا تیسرا حصہ گول لائن کے پیچھے لگائے گئے ریسورز اور مرکزی کمپیوٹر پر مشتمل ہوتا ہے۔ ریسورز فٹبال کے اندر لگے سینسرز سے حاصل شدہ ڈیٹا ایک کمپیوٹر کو فراہم کرتے ہیں۔ جو اپنے خصوصی سوفٹ ویئر کی مدد سے اس حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر یہ فیصلہ کرتا ہے کہ گیند نے گول لائن عبور کی ہے یا نہیں۔

جیسے ہی کمپیوٹرحاصل شدہ معلومات کی روشنی میں اس نتیجے پر پہنچتا ہے کہ گیند گول لائن عبور کرگئی ہے تو وہ فورا اس نظام کے چوتھے حصے کوریڈیو سگنل کے ذریعے آگاہ کرتا ہے۔ اور یہ حصہ ریفری کے ہاتھ پر بندھا گھڑی کی شکل کا ایک آلہ ہے۔ جو وائبریشن یا بیپ کی آواز کے ساتھ ریفری کو گول ہونے کے بارے میں آگاہ کرتا ہے۔

گول لائن ٹیکنالوجی سسٹم کے چاروں حصے اس سرعت کے ساتھ اپنا کام انجام دیتے ہیں کہ ایک سیکنڈ کے بہت ہی چھوٹے حصے میں ریفری کو اپنی گھڑی پر اطلاع موصول ہوجاتی ہے اور وہ درست فیصلے کا اعلان کرسکتا ہے۔