1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فوکس واگن اور پورشے کا انضمام، معاہدہ ہو گیا

14 اگست 2009

جرمن کارساز اداروں پورشے اور فوکس واگن کے انضمام کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ حکام کے مطابق 2011 تک اس معاہدے کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ اس معاہدے کا اعلان دونوں کمپنیوں کے نگراں بورڈز نے کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/J9NA
پورشے کی مارکیٹ ویلیو 12.4 بلین یورو بنتی ہےتصویر: AP

دونوں کمپنیوں کے درمیان اس معاہدے کے لئے گزشتہ کئی مہینوں سے کوشش کی جارہی تھی تاہم معاہدے کی راہ میں متعدد پیچیدگیاں حائل تھیں۔ اس معاہدےکے تحت فوکس واگن رواں برس کے آخر تک 3.3 بلین یورو کے عوض پورشے کے 42 فیصد حصص خریدے گا۔

بعدازاں فوکس واگن 2010 ءکی پہلی ششماہی میں اپنے مجموعی سرمائے میں اضافہ کرے گا۔ اس مقصد کے لئے وہ نئے ترجیحاتی حصص جاری کرے گا۔ دوسری جانب پورشے اپنے مجموعی سرمائے میں اضافہ 2011ء کی پہلی ششماہی میں کرے گا جس کے لئے عمومی اور ترجیحاتی حصص جاری کئے جائیں گے۔

فوکس واگن یورپ کا سب سے بڑا کارساز ادارہ ہے جبکہ پورشے لگژری کاریں بنانے والی کمپنی ہے۔ اس معاہدے کے بعد فوکس واگن کے چیف ایگزیکٹو مارٹن ونٹرکون دونوں کمپنیوں کے سربراہ بن گئے ہیں۔

Der VW-Vorstandsvorsitzende Martin Winterkorn
کارسازی کی صنعت میں اوّل نمبر بننےکی لگن ہم میں پہلے سے کہیں زیادہ ہے، مارٹن ونٹرکونتصویر: picture-alliance/ dpa

اس معاہدے کو فوکس واگن کے چیئرمین فرڈینانڈ پیئش کی فتح قرار دیا جا رہا ہے جو ایک عرصے سے پورشے کو اپنی کمپنی میں ضم کرنے کی کوششیں کر رہے تھے۔ دوسری جانب اس معاہدے کو پورشے کی ناکامی کہا جا رہا ہے جو خود سے کہیں بڑی کمپنی فوکس واگن کے حصص کے حصول کے لئے کوشاں رہی ہے۔

اُدھر فوکس واگن مالیاتی بحران کے باوجود ترقی کی جانب گامزن ہے۔ نئی کاروں کی طلب میں کمی کے باوجود رواں برس کی دوسری سہ ماہی اس کارساز ادارے کے لئے منافع بخش رہی ہے۔ یہ کمپنی 2018ء تک جاپان کی ٹویوٹا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کارسازی کی صنعت میں نمبر ایک بننے کے لئے کوشاں ہے۔ اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ پورشے کے ساتھ نیا معاہدہ فوکس واگن کے اس ہدف کو ممکن بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ اس معاہدے سے یورپ کی بڑی کارساز کمپنی کے طور پر بھی فوکس واگن کی پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ہے۔

دُنیا بھر میں فوکس واگن کے ملازمین کی تعداد چار لاکھ ہے جبکہ یہ کمپنی سالانہ 6.4 ملین کاریں بناتی ہے۔

رپورٹ: ندیم گل

ادارت: عاطف بلوچ