1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فوج کا تیار کردہ آئین عوام نے قبول کر لیا

افسر اعوان7 اگست 2016

تھائی لینڈ کے الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ملک میں منعقد ہونے والے ریفرنڈم میں عوام کی اکثریت نے فوج کے تیار کردہ آئین کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ اس طرح اس آئین کی عوام کی طرف سے توثیق ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Jd3j
تصویر: Reuters/C. Subprasom

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حکمران جنتا کی طرف سے تیار کیے گئے آئین کے حوالے سے ملک میں آج اتوار سات اگست کو کرائے جانے والے ریفرنڈم کے ابتدائی نتائج کے مطابق عوام نے اس آئین کی منظوری دے دی ہے۔ فوجی حکومت کے ناقدین نے خبردار کیا تھا کہ یہ آئین نہ صرف فوجی طاقت میں اضافے کا باعث بنے گا بلکہ اس سے ملک میں تقسیم مزید گہری ہو جائے گی۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق اب تک 90 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے۔ تھائی الیکشن کمیشن کے اعداد وشمار کے مطابق ڈالے گئے کُل ووٹوں میں سے 61.45 اس آئین کے حق میں جبکہ 38.55 فیصد ووٹروں نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔ تاہم اس ریفرنڈم میں ووٹوں کا ٹرن آؤٹ اندازوں سے کافی کم رہا۔ قبل ازیں الیکشن کمیشن کی طرف بتایا گیا تھا کہ اہل ووٹروں کی قریب 70 فیصد تعداد نے اس ریفرنڈم میں حصہ لیا ہے جبکہ بعد ازاں بتایا گیا کہ ڈالے گئے کُل ووٹوں کی تعداد 27.6 ملین رہی اور یہ اہل ووٹروں کی تعداد کا قریب 55 فیصد بنتا ہے۔

ڈالے گئے کُل ووٹوں کی تعداد 27.6 ملین رہی اور یہ اہل ووٹروں کی تعداد کا قریب 55 فیصد بنتا ہے
ڈالے گئے کُل ووٹوں کی تعداد 27.6 ملین رہی اور یہ اہل ووٹروں کی تعداد کا قریب 55 فیصد بنتا ہےتصویر: picture alliance/dpa/A. Wangni

تھائی لینڈ کی دونوں بڑی سیاسی جماعتیں اس آئین کے خلاف تھیں اور ان کا کہنا تھا کہ یہ آئین ’جمہوری نہیں ہے‘۔ تاہم ریفرنڈم کے نتائج سامنے آنے کے بعد سابق اپوزیشن رہنما ابھیسیت ویجاجیوا نے فیس بُک پر اپنے پیغام میں کہا ہے، ’’ہم اس ریفرنڈم کے نتائج کو تسلیم کرتے ہیں اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے کہتے ہیں کہ وہ بھی ان نتائج کو تسلیم کریں۔‘‘ اپنے پیغام میں انہوں نے مزید لکھا، ’’ہم جنتا حکومت سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ 2017ء میں عام انتخابات کرانے کے اپنے روڈ میپ پر عملدرآمد کرے۔‘‘ ویجاجیوا کا مزید کہنا تھا، ’’ہماری جماعت اور میں خود بھی مستقبل کی جانب دیکھیں گے اور ملک کو درپیش مسائل پر بات کرتے رہیں گے۔‘‘

تھائی لینڈ میں ملکی فوج کی طرف سے تشکیل کردہ ایک کمیٹی کی طرف سے بنائے گئے اس آئین کے تحت سن دو ہزار سترہ میں عام انتخابات کی راہ ہموار ہو سکے گی۔ فوج کی طرف سے کہا گیا تھا کہ اگر اس آئین کو منظور کر لیا گیا تو ملک میں پائیدار جمہوریت کا قیام ممکن ہو سکے گا۔