1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فو کس اسٹار اسٹوڈیوز، کنگ خان کی نئی فلم کے تقسیم کار

10 اگست 2009

بولی وڈ کے شہنشاہ اور کروڑوں دلوں کی دھڑکن شاہ رخ خان نے اب امریکی پروڈیوسرز اور فلم ڈسٹری بیوٹرز کی توجہ بھی اپنی جانب کھینچ لی ہے۔

https://p.dw.com/p/J5nE
شاہ رخ خان کو بولی وڈ فلم انڈسٹری کا بادشاہ کہا جاتا ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

اس امر کی دلیل یہ ہے کہ ہالی وڈ کے فوکس اسٹار اسٹوڈیوز نے شاہ رخ خان کی نئی فلم مائی نیم از خان کو دنیا بھر متعارف کروانے اور اس کی مارکیٹنگ کرنے کے حقوق حاصل کرلئے ہیں۔

کرن جوہر اور شاہ رخ خان فلم My Name Is Khan کے فلمساز ہیں، تاہم اب وہ اس فلم کی ڈسٹریبیوشن نہیں کرسکیں گے۔ اطلاعات کے مطابق کرن جوہر کی فلمساز کمپنی دھرما پروڈکشنز اور شاہ رخ خان کی کمپنی ریڈ چلیز نے فوکس اسٹار اسٹوڈیوز کو اس فلم کے دنیا بھر میں ڈسٹری بیوشن کے حقوق 21 ملین ڈالرز میں فروخت کر دیئے ہیں۔

اس فلم میں شاہ رخ خان ایک مسلمان ہندوستانی کا کردار ادا کررہے ہیں، جس کو گیارہ ستمبر 2001 کےحملوں کے بعد مسلمان ہونے کی وجہ سے امریکہ میں پیش آنے والی مشکلات اور تکالیف سے گزرنا پڑتا ہے۔ بولی وڈ کی نامور اداکارہ کاجول اس فلم میں ہیروئن کا کردار ادا کررہی ہیں، جبکہ کرن جوہر اس فلم کے ہدایت کار ہیں۔ My Name Is Khan کو اگلے سال کے اوائل میں ریلیز کیا جائے گا۔

فوکس اسٹار اسٹوڈیوز کے چیف ایگزیکٹو وجے سنگھ نے ممبئی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس فلم کی کہانی ساری دنیا میں بالعموم اور مسلم ممالک میں بالخصوص، فلموں کے شائقین کی دلچسپی کا باعث ہوگی۔

فوکس اسٹار اسٹوڈیوز گذشتہ سال ستمبر میں امریکی اسٹوڈیو 20th Century Fox اور امریکی بلینئر روپرڈ مرڈوک کی کمپنی STAR Media & Entertainment Group کے اشتراک سے وجود میں آیا تھا۔

فوکس اسٹار اسٹوڈیوز کی اب تک باکس آفس پر سب سے زیادہ کامیاب پروڈکشن گذشتہ سال آٹھ آسکرز جیتنے والی برطانوی فلم سلم ڈاگ ملینئر ہے۔ اس فلم کی کہانی ممبئی کے ایک ایسے نوجوان کی ہے جو غربت میں پلا بڑھا مگر زندگی اور ایک بہتر مستقبل پر سے اس کا اعتماد کبھی نہیں اٹھا۔ یوں اس فلم کی کہانی سے بھارت کے غریب نوجوانوں میں ایک نئی امنگ پیدا کرنے والے برطانوی فلم ہدایت کار ڈینی بوائل کی اس تخلیق کو دنیا بھر میں سراہا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ سلم ڈاگ ملینئر نے دنیا بھر میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز قائم کئے۔

ہالی وڈ میں نئی فلم سازی کے علاوہ فوکس اسٹار اسٹوڈیوز کے اغراض و مقاصد میں بالی وڈ فلموں کی بیرونی ممالک، خاص طور سے مغربی دنیا میں پذیرائی کا عمل ممکن بنانا شامل ہے۔

رپورٹ : انعام حسن

ادارت :عاطف توقیر