1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلوریڈا: مسجد کے امام کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم

17 مئی 2011

طالبان کی امداد کرنے کے الزام میں گرفتار امریکی ریاست فلوریڈا کی ایک مسجد کے امام اور ان کے بیٹے کو اگلے ہفتے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11HUl
امام حافظ محمّد شیر علی خان پر طالبان کی مالی امداد کرنے کا الزام ہےتصویر: DW

چھہتر سالہ امام حافظ محمّد شیر علی خان تئیس مئی کو امریکی فیڈرل کورٹ میں پیش ہوں گے۔ خان پاکستان میں پیدا ہوئے تھے۔ خان کے علاوہ ان کے چوبیس سالہ بیٹے اظہار خان کو بھی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ اظہار خان بھی ایک دوسری مسجد کے امام ہیں۔

یہ دونوں امریکی شہری ہیں۔ ان کو ہفتے کے روز گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالت میں پیشی تک یہ دونوں باپ بیٹے زیرِ حراست رہیں گے۔

NO FLASH Symbolbild USA Osama bin Laden
بن لادن کی ہلاکت کے بعد پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں تناؤ ہےتصویر: picture-alliance/landov

امام حافظ اور ان کا بیٹا ان چھ افراد میں سے ہیں جن پر پاکستان پیسے بھیج کر طالبان کی مدد کرنے کا الزام ہے۔ چھ میں سے تین افراد حافظ خان کے خاندان ہی سے تعلق رکھتے ہیں۔ حافظ خان کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے مؤکل بے قصور ہیں۔

حافظ خان کے انیس سالہ پوتے عالم زیب پر بھی طالبان کی امداد کا الزام ہے۔ پاکستانی حکّام کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے عالم زیب سے تفتیش شروع کردی ہے۔ زیب اور اس کے اہلِ خانہ پاکستان کے شمال مغربی علاقے سوات میں رہتے ہیں۔ زیب نے عسکریت پسندوں کے ساتھ روابط کی تردید کی ہے۔

حافظ خان کے وکیل کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مؤکل کو صحت کی خرابی کی بنیاد پر ضمانت دلوانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حافظ خان کی طبیعت بڑھاپے کی وجہ سے خراب رہتی ہے۔

یہ واقعہ ایک ایسے وقت رونما ہوا ہے جب پاکستان میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد پاکستان اور امریکہ کے تعلقات تناؤ کا شکار ہیں۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں