1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’فلرٹ‘ کا صحیح طریقہ، نوجوان مسلم مرد مہاجرین کے لیے لیکچرز

صائمہ حیدر
29 نومبر 2016

جرمنی کے ’مسٹر فلرٹ‘ مختلف ثقا فتی پس منظر میں پرورش پانے والے نوجوان مسلم مرد مہاجرین کو خواتین سے محبت جتانے کے طریقے سکھانے کے لیے رضاکارانہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2TRue
Deutschland Horst Wenzel (Mr. Flirt) hält ein Flirt-Workshop für Flüchtlinge
وینسل اپنے لیکچرز میں پناہ گزین نوجوان مردوں کو جرمن خواتین کو اپنی جانب مائل کرنے کے طریقے بتاتے ہیںتصویر: picture alliance/AP Images/M. Probst

خواتین کو لُبھانے کے فن کے ماہر ہورسٹ وینسل کو جرمنی کے ’مسٹر فلرٹ‘ کا خطاب دیا گیا ہے۔ ویسے تو وینسل کے شاگرد عام طور پر امیر لیکن شرمیلے جرمن مرد حضرات ہوتے ہیں لیکن جرمنی میں لاکھوں نوجوان مرد مہاجرین کی آمد کے بعد مسٹر فلرٹ نے اپنی خدمات اِن مہاجر نوجوانوں کو بھی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 وینسل اپنے لیکچرز میں مختلف سماجی پس منظر رکھنے والے پناہ گزین نوجوان مردوں کو جرمن خواتین کو اپنی جانب مائل کرنے کے طریقے بتاتے ہیں۔ اِس حوالے سے وینسل کے بتائے گئے طریقے درج ذیل ہیں۔

رابطے کا طریقہ

 وینسل کے مطابق اگر آپ کو کوئی خاتون اچھی لگے تو اس سے گفتگو کی اجازت طلب کرنے کی بجائے اُسے براہِ راست مخاطب کریں۔

سوالات کا انتخاب

اگر آپ کسی خاتون  پر سوالوں کی بوچھاڑ کر دیں گے تو وہ یقیناﹰ بھاگ جائے گی۔ گفتگو ایسی ہونی چاہیے کہ خاتون کو اپنے بارے میں بات کرنے کی ترغیب ملے۔

پیش قدمی

اہنی من پسند خاتون کی طرف پہلا قدم آپ کو ہی بڑھانا ہو گا۔ جرمن خواتین نسبتاﹰ آزاد خیال ہی سہی لیکن متعدد  خواتین کی خواہش یہ ہو گی کہ پسندیدگی کا اظہار صنفِ مخالف کی طرف سے ہو۔

انوکھی تعریف

عام رومانی جملے بولنے کے بجائے اپنے جذبات کو مختلف اور منفرد طریقوں سے بیان کریں۔ مثلاﹰ یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ، ’’تمہاری آنکھیں بہت خوبصورت ہیں۔‘‘ یہ بات پہلے بھی بارہا اُس خاتون کی سماعت سے ٹکرا چکی ہو گی۔ آپ کو انوکھے انداز سے بات کہنا ہو گی جیسے، ’’تمہارے پرفیوم کی مہک مجھے بہت پسند ہے۔‘‘ یا پھر، ’’ تمہاری آواز بہت خوبصورت ہے۔‘‘

منفرد ملاقات

کافی پر باہر لے کر جانا ایک بور کر دینے والا آئیڈیا ہو گا۔ اِس کی بجائے تھیٹر یا کسی میوزیکل کنسرٹ پر مدعو کرنا زیادہ رومانوی خیال ہو گا۔ خاتون پر یہ ثابت کرنے کے لیے کہ آپ اُس میں حقیقتاﹰ دلچسپی لے رہے ہیں، مستقبل میں ایمسٹرڈیم یا پیرس لے جانے کی دعوت بھی دی جا سکتی ہے۔

پہلی ملاقات پر تو نہیں، ہاں کچھ ملاقاتوں کے بعد آپ اپنی دوست کا ہاتھ تھام کر اندازہ لگا سکتے ہیں کہ وہ بھی آپ میں دلچسپی لے رہی ہے یا نہیں۔ اگر اُس کا ہاتھ تھامنے پر آپ کو نرمی کا احساس نہ ہو تو سمجھ لیجیے کہ بات بننے والی نہیں اور اگر وہ نرمی سے جواب دے تو پھر آپ درست سمت میں جا رہے ہیں۔

 سب سے اہم بات یہ ہے کہ کم از کم تین ماہ تک آپ کو خاتون پر یہ ظاہر نہیں کرنا چاہیے کہ آپ اُس سے محبت کرتے ہیں۔ جرمن خواتین کو پیچھے پڑ جانے والے مرد ہرگز پسند نہیں۔