1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرنچ اوپن: فیڈرر اور سیرینا اگلے مرحلے میں

25 مئی 2010

ٹینس کے دوسرے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں اتوار اور پیر کو کل ملا کر 57 میچ مکمل ہو گئے ہیں۔ منگل کو پہلے راؤنڈ کے مقابلوں میں ندال اور ہینن کے میچ شیڈیول ہیں جبکہ فیڈرر اور سیرینا دوسرے مرحلے میں پہنچ گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/NVxi
راجر فیڈررتصویر: AP

فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں ٹینس کے دوسرے اہم ترین ٹورنامنٹ میں، جو اتوار کو شروع ہوا تھا، اب تک کئی اہم کھلاڑی دوسرے مرحلے کے لئے کوالیفائی کر چکے ہیں۔ اب تک کوئی بڑا اپ سیٹ دیکھنے میں نہیں آیا، سوائے پہلے روز کے جب سفید روس کی خاتون کھلاڑی وکٹوریا آزارینکا کو ارجنٹائن کی گیزلا ڈولکو سے ہارنا پڑا تھا۔ آزارینکا موجودہ عالمی رینکنگ میں دسویں پوزیشن پر ہیں۔

Rafael Nadal gewinnt zum dritten Mal French Open
رافائیل ندالتصویر: AP

مردوں میں عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر اور خواتین کی عالمی نمبر ایک سیرینا ولیمز اپنے اپنے میچ جیت کر دوسرے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔ راجر فیڈرر نے آسٹریلیا کے پیٹر لوکزاک کے خلاف میچ تین سیٹ میں جیتا۔ سیرینا ولیمز کو سوئٹزر لینڈ کی نوجوان خاتون سٹیفانی وائگلی کے خلاف اپنا میچ جیتنے کے لئے خاصی محنت کرنا پڑی۔ پہلے سیٹ میں وائگلی نے عالمی نمبر ایک کو پریشان کر دیا تھا۔ بیس سالہ سٹیفانی عالمی رینکنگ میں اس امریکی کھلاڑی سے بہت پیچھے ہیں۔ ڈنمارک سے تعلق رکھنے والی عالمی نمبر تین کیرولین ووصنیاکی نے پہلے راؤنڈ میں روسی خاتون کھلاڑی الا کدریاوتسیوا کے خلاف اپنا میچ بڑی آسانی سے جیتا۔ سربیا سے تعلق رکھنے والی سابقہ عالمی نمبر ایک انا ایوانووچ نے بھی پیر کو تائیوان کی کھلاڑی کے خلاف میچ میں کامیابی حاصل کر کے دوسرے مرحلے تک رسائی حاصل کر لی۔ ایوانووچ نے سن 2008 میں فرنچ اوپن کا فائنل جیتا تھا۔

آج منگل کو فرنچ اوپن میں بیلجیئم کی سابقہ عالمی نمبر ایک جسٹن ہینن اپنا پہلا میچ کھیلں گی۔ ان کا مقابلہ بلغاریہ کی ہونہار نوجوان کھلاڑی Pironkova Kirilova سے ہے۔ اسی طرح گزشتہ سال کئی ہفتوں تک عالمی نمبر ایک رہنے والی روسی سٹار دینارا سافینا بھی فرنچ اوپن میں اپنے کھیل کا آغاز منگل ہی کو ایک جاپانی کھلاڑی کے خلاف کریں گی۔ منگل ہی کو ایک اور روسی خاتون کھلاڑی اور سابقہ عالمی نمبر ایک ماریا شارا پووا کا میچ بھی شیڈیول ہے۔ پچیس مئی منگل کے روز شائقین کو ہسپانوی کھلاڑی رافائیل ندال کا شدت سے انتظار ہے۔ وہ گزشتہ سال فرنچ اوپن میں انجری کی وجہ سے شرکت سے محروم رہے تھے۔ ان کا مقابلہ فرانس کے افریقی نژاد اٹھارہ سالہ کھلاڑی جیانی مینا سے ہو گا۔

Flash-Galerie Russland Tennis
روسی کھلاڑی ماریا شاراپووا: فائل فوٹوتصویر: AP

دوسرے مرحلے میں کئی نئے کھلاڑی بھی پہنچ رہے ہیں۔ ان میں خاص طور پر جاپان کے نوجوان کھلاڑی کائی نشی کوری کے کھیل سے ماہرین متاثر ہوئے ہیں۔ نشی کوری نے پہلے مرحلے میں کولمبیا کے گیرالڈو کو ساڑھے تین گھنٹے سے زائد تک جاری رہنے والے میچ میں شکست دی تھی۔ اسی طرح ماہرین سابقہ عالمی نمبر ایک انا ایوانووچ کی موجودہ فارم سے بھی متاثر ہیں۔

جرمنی کے معروف کھلاڑی فلوریان مائر کو انتڑیوں کی بیماری کی وجہ سے فرنچ اوپن کےپہلے مرحلے میں ہی شرکت سے دستبردار ہونا پڑا۔ وہ اس وقت عالمی درجہ بندی میں 51 ویں پوزیشن پر ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید