فرانسیسی وزیر داخلہ برونو لی رُو مستعفی ہو گئے
21 مارچ 2017پیرس سے منگل اکیس مارچ کی شام ملنے والی مختلف نیوز ایجنسیوں کی رپورٹوں کے مطابق ملکی وزیر داخلہ برونو لی رُو نے یہ استعفیٰ اپنی دو نوجوان بیٹیوں کو اپنی ہی پارلیمانی معاونین کے طور پر ملازمت دینے کے سلسلے میں آج ہی شروع ہونے والی باقاعدہ لیکن ابتدائی تفتیش کے نتیجے میں دیا۔
فرانس: صدارتی امیدوار مارین لے پین کی پارلیمانی مامونیت ختم
مارین لے پین پر متنازعہ فلم، کیا ووٹرز کی رائے متاثر ہو گی؟
’جاگ یورپ جاگ!‘، انتہائی دائیں بازو کی فرانسیسی لیڈر لے پین
تاہم برونو لی رُو نے زور دیا کہ انہوں نے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی اور وہ مستعفی اس لیے ہو رہے ہیں کہ ملکی دفتر استغاثہ اس بارے میں مکمل غیر جانبداری کے ساتھ اپنی تحقیقات پوری کر سکے۔
حالیہ مہینوں کے دوران فرانس میں سیاستدانوں کی طرف سے اپنے ہی اہل خانہ کو ایسی مشکوک ملازمتیں دینے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ فرانسیسی صدارتی امیدوار فرانسوا فیوں بھی اسی حوالے سے ایک بڑے اسکینڈل کی زد میں ہیں۔ انہوں نے اپنی اہلیہ کو اپنے ہی دفتر میں دکھاوے کی ایک پارلیمانی ملازمت کے بدلے ادائیگیاں کی تھیں۔
فرانسوا فیوں اپنی اس غلطی کا اعتراف کرتے ہیں لیکن اس وجہ سے صدارتی انتخابات میں اپنی امیدواری سے دستبردار ہونے پر تیار نہیں ہیں۔ مستعفی ہونے والے وزیر داخلہ برونو لی رُو کے بقول ان کا معاملہ فیوں کے اسکینڈل جیسا نہیں ہے۔