1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانسیسی شہری کی مسجد الحرام کی چھت سے کود کر خودکشی

9 جون 2018

فرانسیسی اور سعودی حکام کے مطابق سعودی عرب میں مسلمانوں کے مقدس ترین سمجھے جانے والے شہر مکہ میں ایک فرانسیسی شہری نے مسجد الحرام کی چھت سے کود کر خودکشی کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/2zDTC
Saudi Arabien | Muslimische Gläubige beten in der Pilgerstätte Mekka
تصویر: picture-alliance/AP

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سعودی پولیس اور فرانسیسی حکام نے اس واقعے کی تصدیق کر دی ہے کہ مکہ میں مسجد الحرام کی چھت سے کود کر خودکشی کرنے والا شخص فرانسیسی شہری تھا۔ سعودی پولیس نے ملکی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کو بتایا، ’’ایک غیر ملکی شخص مسجد الحرام کی چھت سے کود گیا اور مسجد کے صحن میں گرتے ہی فوری طور پر ہلاک ہو گیا۔‘‘

پیرس میں اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے فرانسیسی وزارت خارجہ کے ایک اہلکار نے تصدیق کی کہ خودکشی کرنے والا شخص فرانس کا شہری تھا۔ تاہم انہوں نے اس شخص کی شناخت اور مذہب کے حوالے سے کوئی تفصیلات نہیں دیں۔

مسلمانوں کے نزدیک مقدس ترین سمجھے جانے والے شہر مکہ میں خودکشی کا یہ کوئی پہلا واقعہ تو نہیں لیکن ایسا شاذ و نادر ہی دیکھنے میں آتا ہے۔ کئی دیگر مذاہب کی طرح اسلام میں بھی خودکشی منع ہے۔

ایس پی اے کے مطابق اس شخص کی نعش کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے جہاں اس کی شناخت کے علاوہ ’یہ تفتیش بھی کی جا رہی ہے کہ لوہے کی ریلنگ موجود ہونے کے باوجود وہ مسجد الحرام کی چھت سے کودنے میں کیسے کامیاب ہوا‘۔

گزشتہ برس کعبہ کے احاطے میں بھی ایک سعودی شہری نے خود سوزی کی کوشش کی تھی، تاہم وہاں موجود سکیورٹی اہلکاروں نے خودکشی کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔

ش ح / ع ا (اے ایف پی)