1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فحش فلموں اور جنسی ادویات کی فروخت بند کردی جائے: طالبان کی دھمکی

12 فروری 2013

قبائلی علاقوں میں متحرک طالبان نے پشاور میں دوکانداروں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ فحش ڈی وی ڈیز اور جنسی ادویات بشمول ویاگرا کی فروخت بند کر دیں۔ یہ دھمکی کمرشل علاقوں سے ملنے والے پمفلٹوں پر شائع کی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/17cWU
تصویر: AP

مقامی ذرائع کے مطابق طالبان کی جانب سے دی جانے والی اس دھمکی میں خاص طور پر مشہور تجارتی علاقے کارخانو مارکیٹ میں کاروبار کرنے والوں کو فوکس کیا گیا ہے۔ عموماً کہا جاتا ہے کہ اس کارباری منڈی میں بعض دوکاندار ڈھکے چھپے انداز میں فحش فلموں کی فروخت میں ملوث ہیں۔ مبینہ طور پر یہ فلمیں سی ڈیز اور ڈی وی ڈیز کی شکل میں دستیاب ہیں۔ اسی طرح کہا جاتا ہے کہ وہاں ایسی ادویات بھی فروخت کی جاتی ہیں، جو جنسی رویوں کو تقویت فراہم کرتی ہیں۔ ان ادویات میں خاص طور پر اسمگل شدہ ویاگرا کا نام لیا جاتا ہے۔

Flash-Galerie Afghanistan Bollywood in Kabul
پاکستان میں بھارت اور مغربی فلموں کی سی ڈیز دستیاب ہوتی ہیںتصویر: AP

شمشیر خان آفریدی نے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ اسے ہفتے کے روز موبائل ٹیلیفون پر ایک ٹیکسٹ میسج موصول ہوا اور اس میں عمل نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کا سامنا کرنے کا انتباہ بھی شامل تھا۔ آفریدی خیبر ایجنسی کے دروازے پر قائم ایک بڑی مارکیٹ میں کاروبار کرنے والے افراد کی مقامی تنظیم کا سربراہ بھی ہے۔

ٹیکسٹ میسج وصول ہونے کے بعد پیر کے روز شمشیر خان آفریدی نے تمام دوکانوں اور دوسری جگہوں پر ہزاروں کی تعداد میں ایسے پمفلٹ تقسیم کرائے، جن میں طالبان کی جانب سے فحش فلموں اور جنسی ادویات کی فروخت فوری بند کرنے کی دھمکی درج تھی۔ اس پمفلٹ میں طالبان کا یہ پیغام بھی درج تھا کہ جو ان کے حکم کی تعمیل نہیں کرے گا وہ سنگین نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہے۔

Flash-Galerie Afghanistan Bollywood in Kabul
فحش فلموں کی دوکانوں کو طالبان کی جانب سے بم مار کر تباہ کرنے کا ارتکاب کیا جا چکا ہےتصویر: AP

شمشیر خان آفریدی نے یہ بھی بتایا کہ طالبان نے اپنے انتباہی اور دھمکی آمیز پیغام میں یہ بھی کہا ہے کہ فحش فلموں اور جنسی ادویات کی فروخت ایک غیر اسلامی فعل ہے اور اس سے اجتناب ہر قیمت پر ضروری ہے۔

پیر کے روز بانٹے گئے پمفلٹس میں یہ بی درج تھا کہ فحش فلموں اور جنسی ادویات کی فروخت میں ملوث افراد کو پہلے بھی منع کیا گیا تھا کہ وہ ایسے نامناسب کاروبار کو ترک کر دیں لیکن اس پر تاحال عمل نہیں کیا گیا لیکن اب راست اقدام کا وقت آ گیا ہے۔

پاکستان کے قبائلی علاقوں میں متحرک تحریک طالبان کے انتہا پسند سخت عقائد کے پیروکار ہیں اور اس کی ترویج میں بھی مصروف ہیں۔ ماضی میں شمال مغربی صوبے خیبر پختونخوا کے صدر مقام پشاور اور کئی دوسرے نواحی و قریبی شہروں میں فحش فلموں اور میوزک کیسٹوں کی متعدد دوکانوں کو طالبان کی جانب سے بم مار کر تباہ کیا جا چکا ہے۔ ایسے بم دھماکوں میں ہلاکتیں بھی رپورٹ کی گئی تھیں۔

(ah/ab(AP