1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فارمولا وَن کار ریسنگ: مشائیل شوماخر کی واپسی

رپورٹ:عابد حسین ، ادارت : امجد علی30 جولائی 2009

فارمولا ون کار ریسنگ کے لیجنڈری جرمن ڈرائیور مشائیل شوماخر نے اعلان کیا ہے کہ فراری گاڑی کے ڈرائیور فلیپے ماسا کے زخمی ہونے کے بعد وہ ایک بار پھر فارمولا ون کار ریسنگ میں عملی طور پر شریک ہو رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/IzsN
لیجنڈری فارمولا ون جرمن ڈرائیور مشائیل شوماخر

شو ماخر تیئیس اگست کو والینسیا میں ہونے والی یورپی گراں پری ریس میں شرکت کریں گے۔ آج کل فراری گاڑی کی انتظامیہ کے ساتھ مشیر کے طور پر وابستہ مشائیل شوماخر سات بار فارمولا وَن کے عالمی چیمپئن رہ چکے ہیں اور یوں کار ریسنگ میں تاریخ ساز شخصیت کا درجہ رکھتے ہیں۔ فارمولا وَن میں اُن کی واپسی سے ورلڈ ڈرائیورز چیمپئن شپ بے حد سنسنی خیز ہو گئی ہے۔

شُوماخر اپنے کیریئر کو خیرباد کہنے کے تین سال بعد چالیس سال، سات مہینے اور تین دن کی عمر میں ایک بار پھر فراری گاڑی میں سوار ہو کر والینسیا میں منعقدہ یورپی گراں پری مقابلے میں شریک ہوں گے۔

Der deutsche Formel 1 Ferrari-Fahrer Michael Schumacher ist vorzeitig Weltmeister
فراری گاڑی پر گراں پری جیتنے کے بعد شو ماخر کامیابی کا جشن مناتے ہوئے۔تصویر: AP

اُن کے ایک پرستار کا کہنا ہے:’’مجھے شُوماخر کی واپسی زبردست لگی ہے۔ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ وہ واپس آئے گا لیکن مجھے یقین ہے کہ وہ اِس وقت جس فارم میں ہے، وہ پھر سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔‘‘

ایک دوسرے جرمن فین نے کہا:’’شُوماخر کی واپسی فارمولا وَن کو ایک بار پھر انتہائی دلچسپ بنا دے گی۔ میرے خیال میں شائقین کو، خاص طور پر جرمن شائقین کو آنے والی ریس کا بہت تجسس رہے گا۔‘‘

شو ماخر کا کہنا ہے کہ گو فارمولا ون کا باب اُن کے لئے بہت پہلےبند ہو چکا ہے لیکن موجودہ افسوس ناک صورت حال میں ٹیم کو اُن کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب اُن کی ترجمان کا کہنا ہے کہ شو ماخر کی واپسی جزوی عرصے کے لئے ہے۔ وہ امکاناً تب تک فراری ٹیم کا حصہ رہیں گے، جب تک فلیپے ماسا مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہو جاتے۔

Michael Schumacher Bildgalerie Fussball 2006
مشائیل شوماخر فٹ بال کھیلتے ہوئےتصویر: AP

ماسا بوڈاپیسٹ شہر میں ہنگری گراں پری کے دوران پول پوزیشنوں کے تعین کے لئے مقابلے کے دوران سر پر چوٹوں کے باعث ریسنگ میں فی الحال شرکت سے قاصر ہیں۔ اُن کی کھوپڑی کی ہڈی میں فریکچر آنے کے بعد سر کی سرجری بھی کی گئی ہے اور وہ اِس سال کے بقیہ فارمولا ون گراں پری مقابلوں میں شاید شرکت نہ کر سکیں۔

شو ماخر نے بھی فلیپے ماسا کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ جرمن ڈرائیور اور فلیپے ماسا سابق ٹیم ساتھی بھی ہیں۔ شو ماخر نے فراری گاڑی چلاتے ہوئے پانچ بار عالمی چیمپئن شپ جیتی تھی۔ دو اور چیمپئن شپس شو ماخر نے دوسری گاڑیوں پرجیتی تھیں۔ فراری گاڑی کو چلانے کا معاہدہ اُنہوں نے سن اُنیس سو چھیانوے میں کیا تھا۔

شو ماخر نے آخری بار فارمولا ون کے سرکٹ پر گاڑی اپریل سن 2008ء میں چلائی تھی۔ انہوں نے اکتوبر سن 2006ء میں اپنی ریٹائر منٹ کا اعلان کیا تھا۔ اپنے گراں پری کیریئر کے دوران وہ کُل 249 گراں پری مقابلوں میں شریک ہوئے۔ پہلی بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز اُنہوں نے سن 1994ء میں حاصل کیا تھا۔سن 2002 ء اُن کے کیرئر کا اہم سال تھا، جب انہوں نے کُل گیارہ گراں پری مقابلوں میں فتح حاصل کی تھی۔

ورلڈ چیمپئن شپ میں اپنی عبوری واپسی کے دوران مشائیل شوماخر کو ذہنی اور جسمانی اعتبار سے فٹ ہونے کے لئے سخت تربیتی عمل سے گزرنا ہو گا، جس کا وہ غالباً جلد ہی آغاز کرنے والے ہیں۔ والینسیا کی ریس کے بعد بھی ابھی ورلڈ ڈرائیورز چیمپئن شپ کے چھ مقابلے باقی ہوں گے، جن میں جاپان، سنگاپور، بیلجئم اور اٹلی میں ہونے والے گراں پری مقابلے بھی شامل ہیں۔