1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غیرت کے نام پر قتل، درخت کے ساتھ لٹکا کر پھانسی دے دی

امجد علی15 ستمبر 2016

پاکستان میں تین بچوں کی ماں اور اُس کے مبینہ آشنا کو ایک درخت کے ساتھ لٹکا کر پھانسی دے دی گئی۔ غیرت کے نام پر قتل کی اس ہولناک واردات میں خاتون کے قریبی رشتے دار ملوث ہیں، جنہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1K3B4
Afghanistan Hinrichtung im Gefängnis Pul-e-Tscharchi
تصویر: picture alliance/ZUMA Press/W. Sabawoon

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ واقعہ ملتان سے پچپن کلومیٹر کے فاصلے پر واقع گاؤں چک 56 میں پیش آیا۔ قتل ہونے والی نوجوان خاتون کا نام خالدہ بی بی بتایا گیا ہے۔ اس قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن میں خاتون کے والد اور بھائی کے ساتھ ساتھ اُس کا شوہر بھی شامل ہے۔ تینوں ملزمان نے اعترافِ جرم بھی کر لیا ہے۔

مقامی تھانے کے انچارج سردار افضل ڈوگر کے مطابق اس خاتون کو اُس کے مبینہ آشنا کے ساتھ گھر کے عقبی احاطے میں رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا تھا، جس کے بعد اُس کے شوہر، والد اور بھائی نے پہلے اُن دونوں کو بُری طرح سے زد و کوب کیا اور پھر درخت کے ساتھ لٹکا کر پھانسی دے دی۔

بتایا گیا ہے کہ مرنے والے لڑکے کا نام مختیار احمد تھا، جس کی عمر اُنیس برس تھی اور وہ رشتے میں خالدہ بی بی کا کزن بھی تھا۔

اے ایف پی کے مطابق پاکستان میں غیرت کے نام پر ہر سال سینکڑوں افراد کو قتل کر دیا جاتا ہے، جن کی بڑی تعداد خواتین کی ہوتی ہے۔ قتل کرنے والے اکثر ان خواتین کے وہ رشتے دار ہوتے ہیں، جن کا کہنا یہ ہوتا ہے کہ خواتین کے غیر مردوں کے ساتھ تعلقات اُن کے لیے توہین اور شرم کا باعث بنے ہیں۔

اس سال جولائی میں پاکستان کے وفاقی وزیر قانون نے اعلان کیا تھا کہ ’غیرت کے نام پر قتل‘ کے بڑھتے واقعات اور آبروریزی کے الزام میں عدالتوں کی جانب سے سزاؤں میں اضافے کے تناظر میں پارلیمان سے ایک قانون منظور کروایا جائے گا۔

Der Umgang der Medien mit Ehrenmorde - Samia Shahid
پاکستانی نژاد برطانوی خاتون سمیعہ شاہد کو بھی قتل کر دیا گیا تھا اور اس کے شوہر نے اپنی بیوی کے رشتے داروں کو اس قتل کے لیے قصور وار قرار دیا تھاتصویر: privat

اس اعلان سے پہلے غیرت کے نام پر قتل کے اُوپر تلے کئی واقعات ہوئے تھے، جن میں ماڈل قندیل بلوچ کا اپنے بھائی کے ہاتھوں قتل کا واقعہ بھی شامل تھا۔ اسی طرح جولائی ہی میں ایک پاکستانی نژاد برطانوی خاتون سمیعہ شاہد کو بھی قتل کر دیا گیا تھا۔ اس خاتون کے شوہر نے اپنی بیوی کے رشتے داروں کو اس قتل کے لیے قصور وار قرار دیا تھا۔

عموماً غیرت کے نام پر قتل کرنے والے سزا سے بچ جاتے ہیں کیونکہ اُن کے گھر کا ہی کوئی فرد مدعی بن کر اُنہیں معاف کر دیتا ہے۔ نئے قانون کے تحت معافی کا یہ امکان ختم ہو جائے گا تاہم اب تک نہ تو اس قانون کا مسودہ منظر عام پر لایا گیا ہے اور نہ ہی پارلیمان میں اسے پیش کرنے کے لیے کسی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید